بالی ووڈ کو ’’گندی ترین صنعت ‘‘ کہنے پر خانز کا بھارتی چینلز کے خلاف مقدمہ

شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان سمیت 34 بڑے پروڈکشن ہاؤسز نے2 بھارتی چینلز کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے


ویب ڈیسک October 13, 2020
شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان سمیت 34 بڑے پروڈکشن ہاؤسز و فنکاروں نے2 بھارتی نیوز چینلز کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے فوٹوفائل

MULTAN: بالی ووڈ کو منشیات کا گڑھ اور گندی ترین صنعت کہنے پر بالی ووڈ کے تینوں خانز سمیت 34 پروڈکشن ہاؤسز، پروڈیوسرز اور فنکاروں نے دو بھارتی چینلز کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے کیس کےحوالے سے غیرذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنے، بالی ووڈ کو منشیات آور کہنے اور ملک کی گندی ترین انڈسٹری کہنے پر اداکار شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، اکشے کمار، اجے دیوگن، کرن جوہر، آدیتیہ چوپڑا اور فرحان اختر سمیت 34 بڑے پروڈکشن ہاؤسز و فنکاروں نے دہلی ہائی کورٹ میں دو بھارتی نیوز چینلز کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔

جن چینلز کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے ان میں ری پبلک ٹی وی اور اسی چینل کے دوصحافی ارنب گوسوامی اور پردیپ بھنڈاری جب کہ دوسرا چینل ٹائمز ناؤ اور اس چینل کے صحافیوں راہول شیوشنکر اور نویکا کمار شامل ہیں۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں چینلز نے بالی ووڈ کے لیے نہایت ہی توہین آمیز کلمات کہے جن میں ''گند''، ''گندگی'' اور''منشیات''وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پروڈیوسرز نے یہ بھی کہا کہ ان چینلز نے بالی ووڈ کے خلاف اشتعال انگیز جملے بھی کہے جن میں ''یہ بالی ووڈ ہے جس کی گندگی کو صاف کرنے کی ضرورت ہے'' ، ''عرب کے تمام پرفیومز بالی ووڈ کی گندگی اور بدبو کو دور نہیں کرسکتے'' اس کے علاوہ چینلز پر ''بالی ووڈ ملک کی گندی ترین انڈسٹری ہے''کے الفاظ بھی بولے گئے۔

واضح رہے کہ رواں سال 14 جون کو بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی تھی۔ سشانت کی خودکشی پچھلے کئی ماہ سے بھارت کا سب سے بڑا موضوع بنی ہوئی ہے۔ اس کیس کی تفتیش کے سلسلے میں منشیات اسمگلنگ کیس میں سشانت سنگھ کی دوست ریحا اور بالی ووڈ کے کئی بڑے نام سامنے آئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں