رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے لیے شرکا کی تعداد محدود کردی گئی ایس او پیز جاری

اجتماع کے شرکا کے لئے قومی شناختی کارڈ اور ماسک کا استعمال لازمی ہوگا


آصف محمود October 13, 2020
رواں سال بیرون ملک سے آنیوالے مہمان اجتماع میں شریک نہیں ہوسکیں گے فوٹو: فائل

KARACHI: رائیونڈ میں ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کا شیڈول اور کورونا وائرس کی وجہ سے ایس او پیز جاری کردیئے گئے ہیں جس کے تحت اس سال بیرون ملک سے آنیوالے مہمان اجتماع میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔

رائیونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلامرحلہ 6 نومبرسے شروع ہوگا جو 8 نومبرتک جاری رہے گا۔ رائیونڈ اجتماع کی انتظامیہ کی طرف سے شرکا کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اجتماع میں کراچی 9600 ، پشاورسے 9600، لاہور،سوات، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان اور بلوچستان سے 6، 6 ہزار جب کہ فیصل آباد سے 4800 افراد شریک ہوں گے۔

اجتماع میں آنے والے ہر فرد کے پاس قومی اصلی قومی شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے جب کہ ماسک کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، بیمار افراد بھی اجتماع میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ اس سال کسی بھی فرد کو انفرادی طورپراجتماع میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی تمام افراد ایک گروپ کی شکل میں آئیں گے۔ ہرگروپ کا ایک امیر ہوگا۔

اجتماع گاہ کے اندر ضروریات زندگی کا اہتمام ہوگا، ایک بار اجتماع گاہ میں داخل ہونے کے بعد دعا سے پہلے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اجتماع گاہ کے اندر سونے کی ترتیب بھی ماضی کی نسبت تبدیل کی گئی ہے، 2 بستروں کے درمیان ایک بستر کی جگہ خالی چھوڑی جائے گی، بیانات سننے کے دوران بھی شرکا اجتماع باہمی فاصلہ رکھیں گے۔

اجتماع گاہ کے اندر کھانے پینے کے سامان کی چار بڑی کینٹین ہوں گی، شرکا یہاں سے سامان خرید کر واپس اپنی جگہ پر جاکر کھاسکیں گے۔ اس سال بیرون ممالک سے مہمان شریک ہوں گے اورنہ ہی پاکستان میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبا اجتماع میں شرکت کرسکیں گے۔ جو افراد پارکنگ اور سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کے لئے اجتماع میں آئیں گے ان کا قیام مرکزی پنڈال سے باہر ہی ہوگا۔ اجتماع کے اختتام پرشرکا اپنی اپنی جماعت کے ساتھ باہر نکلیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں