بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلیے ہرممکنہ قدم اٹھایا جائے وزیراعظم

وزیراعظم نے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلیے تجویز کردہ انتظامی اقدامات کی منظوری دیدی


ویب ڈیسک October 13, 2020
وزیراعظم نے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلیے تجویز کردہ انتظامی اقدامات کی منظوری دیدی

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے ہر ممکنہ انتظامی اقدام اٹھایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ایکشن یقینی بنایا جائے.

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں خصوصاً گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سرکاری سطح اور نجی شعبے کی جانب سے درآمد کی جانے والی گندم اور ملک میں پہنچ کا شیڈول پیش کیا گیا۔ سرکاری سطح پر ٹینڈر اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ درآمد کا تفصیلی شیڈول بھی پیش کیا گیا۔

اجلاس کو ٹائیگرز فورس اور آزاد ذرائع سے ملک کے مختلف حصوں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی، بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب ورسد کے بارے میں قابل اعتبار تخمینے لگانے کے حوالے سے مفصل نظام، ہول سیلرز اور پرچون کی سطح پر قیمتوں میں پائے جانے والے فرق کو کم کرنے کے حوالے سے اقدامات، مارکیٹ میں استحصال کے خاتمے اور ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور قیاس آرائیوں کے ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے نئے انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو حکومت پنجاب کی جانب سے روزانہ کی بنیادوں پر گندم کی ریلیز کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے 16 اکتوبر کے درمیان ریلیز شروع کر دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جانے والی گندم میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ گندم کی وافر سپلائی میسر آئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ درآمد شدہ چینی موجودہ قیمت کے مقابلے میں کم نرخوں پر عوام کو میسر آئے گی، پنجاب میں 10نومبر سے کرشنگ سیزن کا آغاز کر دیا جائے گا، موجود اسٹاک، درآمد کی جانے والی چینی اور کرشنگ سیزن کے جلدی شروع ہونے سے نہ صرف چینی کی وافر فراہمی میسر آئے گی بلکہ اس کے قیمتوں میں کمی آئے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے ہر ممکنہ انتظامی اقدام اٹھایا جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت ایکشن یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے تجویز کردہ انتظامی اقدامات کی منظوری بھی دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں