آئی فون 12 کے ’’12 حیران کن فیچرز‘‘

اس بار ایپل نے آئی فونز12 سیریز میں 5 جی کی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے


ویب ڈیسک October 14, 2020
اس بار ایپل نے آئی فون 12 سیریز میں 5 جی کی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے فوٹوانٹرنیٹ

موبائل ٹیکنالوجی کی کنگ کمپنی ایپل نے اپنے نئے آئی فون 12 سیریز کے 4 نئے آئی فون لانچ کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس بار ایپل نے اپنے فونز میں 5 جی کی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں ایپل کے نئے فونز میں کون کون سے فیچرز ہیں۔

5جی ٹیکنالوجی

ایپل نے اعلان کیا ہے کہ آئی فون 12 کے تمام ماڈلز 5جی کی ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرتے ہیں۔ 5 جی ٹیکنالوجی پہلے سے کہیں زیادہ تیزرفتار اور محفوظ نیٹ ورک ہوگا جو آپ کی پرائیویسی کے لیے ضروری ہے۔

ڈسپلے

آئی فون 12 کے تمام ماڈلز میں سوپر ریٹینا XDR ڈسپلے دیاگیا ہے۔ کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فون پچھلے فون کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ بہتر پرفارم کرے گا۔ آئی فون 12 منی کا ڈسپلے سائز 5.4 انچ، آئی فون 12 کا ڈسپلے سائز 6.1 انچ، آئی فون 12 پرو کا ڈسپلے سائز بھی 6.1 انچ اور آئی فون 12 پرومیکس کا ڈسپلے سائز 6.7 انچ دیا گیا ہے۔



ڈیزائن

کمپنی کے مطابق آئی فون 12 سیریز کے ماڈلز کا ڈیزائن پچھلے تمام ماڈلز کے مقابلے میں بہتر ہے۔ ایپل کے مطابق یہ پچھلے آئی فونز کے مقابلے 11 فیصد پتلا، 15 فیصد چھوٹا ہوگا، جب کہ یہ وزن میں بھی 16 فیصد ہلکا ہوگا۔

چپ

ایپل، آئی فون 12 سیریز کے تمام ماڈلز میں تازہ ترین چپ لگانے جارہا ہے۔ ایپل کے مطابق آئی فون میں موجود سب سے تیز رفتار چپ جسے اے 14 بایونک کہاجاتا ہے، 5nm پروسیس پر مشتمل ہے جس میں 11.8 بلین ٹرانجسٹرز لگائے گئے ہیں جو آئی فون 11 کے مقابلے 38 فیصد زیادہ ہے۔ جب کہ کمپنی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ یہ چپ پچھلی جنریشنز کے مقابلے 50 فیصد تیز رفتار ہے۔



کیمرہ

آئی فون 12 منی کا مین کیمرا 12 میگا پکسل کا ہے جس میں ایف 1.6 اپرچر موجود ہے جو کمپنی کے بقول کسی بھی آئی فون میں دیا گیا تیز ترین آپرچر ہے۔

آئی فون 12 کا بھی 12 میگا پکسل کا وائیڈ کیمرہ، ایف 1.6 اپرچر کے ساتھ اور دوسرا 12 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا موجود ہے۔ ایپل کے مطابق ڈیوائس کی کم روشنی میں فوٹوگرافی کی صلاحیت کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ان دونوں فونز میں ڈوئل کیمرے دئیے گئے ہیں۔

آئی فون 12 پرو میں 12 میگا پکسل کا وائیڈ کیمرہ، 12 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو اور 12 میگا پکسل کا الٹراوائیڈ کیمرہ موجود ہے جس میں ایف 1.6 اپرچر دیا گیا ہے۔

آئی فون 12 پرومیکس میں 12 میگا پکسل کا وائیڈ کیمرہ، 12 میگا پکسل کا الٹروائیڈ کیمرہ اور12 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرہ دیا گیا ہے۔ ان دونوں فونز میں تین کیمرے دئیے گئے ہیں۔

ویڈیو کیمرہ

آئی فون 12 منی اور آئی فون 12 ، 4 کے 60 ایف پی ایس(فوٹ پر سیکنڈ) کی ویڈیوز بنانے کے قابل ہوں گے جب کہ پرو اورپرومیکس ایچ ڈی آر ویڈیو ریکارڈنگ کو سپورٹ کریں گے۔



ایل آئی ڈی اے آر (لیڈار) اسکینر

آئی فون 12 سیریز کے تمام ماڈلز میں ایل آئی ڈی اے آر (لیڈار) اسکینر موجود ہے۔ جس کا استعمال تصاویر اور پس منظر کی نشاندہی کے لیے ہوگا اس کے علاوہ یہ آپشن کم روشنی میں 6 گنا زیادہ فوکس کرے گا۔

کلرز

آئی فون 12 منی اور آئی فون 12 ، 5 کلرز بلیک، وہائٹ، گرین، ریڈ اور بلیو کلرز میں موجود ہیں جب کہ پرو اور پرومیکس 4 کلرز سلور، گریفائٹ، گولڈ اور پیسیفک بلیو میں موجود ہوں گے۔



بیٹری

گوکہ ایپل نے نئے فونز کی بیٹریز کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا ہے لیکن توقع کی جارہی ہے کہ پرومیکس کی بیٹری 3700 ایم اے ایچ جب کہ دیگر ماڈلز کی 2800 ایم اے ایچ ہوگی۔ اس کے علاوہ فونز 15 واٹ کی وائرلیس فاسٹ چارنگ کو سپورٹ کریں گے۔

قیمت

آئی فون12 منی : 699 ڈالرز (ایک لاکھ 14 ہزار 583 پاکستانی روپے)

آئی فون 12: 799 ڈالرز ( ایک لاکھ 30 ہزار 976 پاکستانی روپے)

آئی فون 12 پرو: 999 ڈالرز (ایک لاکھ 63 ہزار 761 پاکستانی روپے)

آئی فون 12 پرو میکس: 1099 ڈالرز (ایک لاکھ 80 ہزار 153 پاکستانی روپے)



ایکسیسریز

جیسا کہ سب کو توقع تھی ایپل نے آئی فون 12 سیریز کے کسی بھی موبائل کے ساتھ ڈبے میں کوئی ہیڈ فون یا چارجر نہیں دیا۔

اسٹوریج

آئی فون 12 منی اور 12 کی اسٹوریج بالترتیب 64 جی بی، 128 جی بی اور 256 جی بی کے ساتھ ہوگی جب کہ پرو اور پرومیکس 128 جی بی، 256 جی بی اور 512 جی بی کے آپشن کے ساتھ موجود ہیں۔ ایپل نے فنگر پرنٹس کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا جنہیں پچھلے ماڈلز سے ہٹادیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔