آتشزدگی کا دل خراش واقعہ دو ننھی بہنیں جھلس کر جاں بحق

پولیس کی نفری موقعے پر پہنچی تو اندر سے بچیوں کی آوازیں آرہی تھیں لیکن گھر کا دروازہ لاک تھا، علاقہ ایس ایچ او

جاں بحق دونوں بچیوں کی تصویر (فوٹو : ایکسپریس)

بفرزون میں والدین کی غیر موجودگی میں گھر کے اندر آگ لگنے کے باعث دو ننھی بہنیں جھلس کر جاں بحق ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی دوپہر بفرزون سیکٹر پندرہ بی میں کیفے ٹوڈیز کے قریب تین منزلہ عمارت کی تیسری منزل پر واقع گھر میں آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ، ریسکیو ورکرز اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔

ایس ایچ او گبول ٹائون انسپکٹر روشن نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچی تو اندر سے بچوں کی آوازیں آرہی تھیں لیکن گھر کا مرکزی دروازہ لاک تھا۔ معلومات کرنے پر پتہ چلا کہ بچوں کا والد دفتر گیا ہوا ہے اور ماں سودا سلف لینے لینے بازار گئی ہے۔ گھر کا دروازہ لاک ہونے کے باعث گھر میں داخلہ ممکن نہیں ہوسکا تاہم پڑوسی کے گھر کی دیوار توڑنے کے لیے ہتھوڑے کا بندوبست کیا گیا۔

پولیس اور اہل علاقہ سخت جدوجہد کرتے رہے کہ کسی بھی طرح بچیوں کو جلد از جلد باہر نکالا جاسکے لیکن اس دوران آگ بھڑکتی رہی اور گھر میں دھواں بھرگیا۔ اس دوران فائر بریگیڈ بھی موقع پر پہنچ گئی ، گھر کا لاک توڑ کر اندر داخل ہوکر فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیااور دونوں بچیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ اس سے قبل ہی دم توڑ گئیں۔


ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت سات سالہ عمیمہ دختر حارث اور اس کی چھوٹی بہن چھ سالہ حمنہ کے نام سے کی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ایس ایچ او انسپکٹر روشن نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گھر میں لگے ہوئے یو پی ایس کی وائرنگ میں شارٹ سرکٹ ہوا جس کے باعث آگ لگی اور وہ پھیلتی چلی گئی۔ مذکورہ خاندان نے کچھ عرصہ قبل ہی اس گھر میں بطور کرائے دار رہائش اختیار کی تھی۔

علاوہ ازیں واقعے کی اطلاع ملنے پر جب بازار سے بچیوں کی والدہ واپس لوٹی تو صورتحال دیکھ کر اس پر غشی کے دورے پڑگئے اور اس کی حالت غیر ہوگئی۔، اہل محلہ نے انھیں دلاسہ دیتے ہوئے ان کے دیگر رشتے داروں کو مطلع کیا جبکہ بچیوں کے والد کو بھی فوری طور پر اطلاع دی گئی۔

اسپتال حکام کے مطابق دونوں بچیاں اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکی تھیں۔ ان کے جسم بھی بری طرح جھلسے ہوئے تھے۔ دلخراش واقعہ پیش آنے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھاگئی اور موقع پر موجود ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔
Load Next Story

@media only screen and (max-width: 1024px) { div#google_ads_iframe_\/11952262\/express-sports-story-1_0__container__ { margin-bottom: 15px; } }