روس کے ساتھ حکومتی سطح پر گندم خریدنے کی منظوری

جنوری 2021ء تک 15 لاکھ ٹن گندم درآمد کرلی جائے گی، ای سی سی کے اجلاس میں منظوری دی گئی


Business Reporter October 15, 2020
جنوری 2021ء تک 15 لاکھ ٹن گندم درآمد کرلی جائے گی، ای سی سی کے اجلاس میں منظوری دی گئی (فوٹو: فائل)

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روس کے ساتھ حکومتی سطح پر گندم کی خریداری کی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کے کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے لاہور سے وڈیو لنک کے ذریعے ای سی سی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں گندم کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ ای سی سی کو بتایا گیا کہ جنوری 2021ء تک 15 لاکھ ٹن گندم درآمد کرلی جائے گی۔ فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی طلب اور سپلائی میں فرق آنے نہیں دیا جائے گا۔

روس کے ساتھ حکومتی سطح پر گندم کی خریداری کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اورپاکستان اور روس کی حکومتی کے درمیان گندم کی خریداری کی اصولی منظوری دی گئی۔

فیصلہ کیا گیا کہ پاسکو، پنجاب اور خیبر پختون خوا کو درآمدی گندم فراہم کی جائے گی اور یوں پاسکو، پنجاب اور خیبر پختون خوا کو تین لاکھ 40 ہزار ٹن درآمدی گندم ملے گی۔

ملک میں گندم کی کمی نہیں ہوگی، وزارت قومی غذائی تحفظ

دریں اثنا گندم کی صورتحال پر وزرات قومی غذائی تحفظ نے اعلامیہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری سطح پر گندم کے ذخائر اچھے ہیں اور ملک میں گندم کی کمی نہیں ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق سرکاری سطح پر 49 لاکھ 29 ہزار 716 میٹرک ٹن گندم موجود ہے، اس وقت پنجاب کے پاس سرکاری سطح پر 28 ہزار 9 ہزار 21 میٹرک ٹن گندم، سندھ میں 12 لاکھ 59 ہزار 395 میٹرک ٹن، خیبر پختون خوا کے پاس 88 ہزار 45 میٹرک ٹن اور بلوچستان کے پاس سرکاری سطح پر 65 ہزار 82 میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاسکو کے پاس 6 لاکھ 27 ہزار 173 میٹرک ٹن گندم موجود ہے، ٹی سی پی اکتوبر میں 2 لاکھ 17 ہزار 125 میٹرک ٹن گندم لائے گی، نومبر میں روس سے ایک لاکھ 89 ہزار میٹرک ٹن پاکستان پہنچے گی، دسمبر میں ٹی سی پی کے ذریعے 6 لاکھ ٹن گندم پاکستان پہنچے گی جب کہ جنوری میں ٹی سی پی کے ذریعے مزید 6 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن گندم پاکستان پہنچے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں