میری زندگی میں نئے زخم نے انٹری دی ہے جسے شکست دیدوں گا سنجے دت

کینسر میں مبتلا سنجے دت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے پہلی مرتبہ اپنی تصویر شیئر کی اور ویڈیو پیغام بھی دیا


ویب ڈیسک October 16, 2020
سنجو بابا نے اپنی آنے والی فلم کیلیے ہیئر اسٹائل تبدیل کروایا، فوٹو : تویٹر

مضبوط اعصاب والے سنجو بابا نے کینسر کی تشخیص کے بعد پہلی مرتبہ اپنی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ اپنی فلموں کی تکمیل کا عزم لیے کافی پُر اعتماد نظر آ رہے ہیں۔

تنازعات سے بھرے کیریئر کے اتار چڑھاؤ کے باوجود بالی ووڈ کے فلم بینوں کی دل کی جان سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ علاج کے غرض سے امریکا بھی گئے تھے اور میموریال سلون کیتھرنگ کینسر سینٹر میں معائنہ بھی کرایا تھا۔



معروف اداکار نے دو ماہ بعد پہلی بار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سنجے دت نے اسٹائلش ہیئر کٹ کے ساتھ خود اپنی تصویر شیئر کی تو مداحوں نے صحتیابی کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جب کہ اداکار کی بیٹی نے بھی اپنے والد کی فلموں کی شوٹنگ پر خوش آمدید کہا۔

سنجے دت نے یہ تصویر مشہور ہیئر اسٹائلسٹ علیم حکیم کے سیلوں میں لی تھی جہاں وہ اپنی آنے والی نئی فلم کے جی ایف-2 کے کردار کی مناسبت سے بالوں کو تراشنوانے گئے تھے۔ ہیئر اسٹائلسٹ علیم حکیم نے بھی سنجے دت کی ویڈیو شیئر کی جس میں سنجے دت نے مداحوں کو خصوصی پیغام بھی دیا۔




معروف اداکار نے کہا کہ میری زندگی میں نئے زخم نے ''انٹری'' لی ہے لیکن میں اسے بھی شکست دیدوں گا۔ اپنی نئی فلم کے جی ایف-2 کی شوٹنگ کے لیے تیاری کرلی ہے۔ ہیئر کٹنگ ہوگئی ہے اور شیو بڑھا رہا ہوں۔

سنجو بابا نے مزید بتایا کہ وہ اس فلم میں ولین ادھیرا کا کردار ادا کر رہے ہیں اور امید ہے یہ فلم مداحوں کو پسند آئے گی۔ اس وقت کے جی ایف چیپٹر 2 کے علاوہ سنجے دت کے پاس 'بھج: دی پرائڈ آف انڈیا'، ٹورباز، شمشیرا اور پرتھوی راج جیسی فلمیں موجود ہیں۔

یہ پڑھیں: بالی ووڈ اسٹارسنجے دت پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا

واضح رہے کہ اگست کے ماہ میں امریکا روانگی اور طبی معائنے کے باوجود اداکار کے اہل خانہ نے بیماری کی نوعیت سے متعلق کچھ نہیں بتایا تھا تاہم اب پہلی مرتبہ سنجے دت نے ویڈیو پیغام میں کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں