دفاعی چیمپئن ناردرن نے آخری لیگ میچ میں خیبرپختونخوا کو 11 رنز سے ہرادیا

فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا

فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا- فوٹو: پی سی بی

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دفاعی چیمپئن ناردرن نے اپنے آخری لیگ میچ میں خیبرپختونخوا کو 11 رنز سے ہرادیا ۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو وہاب ریاض کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے دفاعی چیمپئن کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر فلاپ ہوگئی۔ وہاب ریاض نے 21 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ کپتان عماد وسیم 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔




جواب میں اوپنر محمد حارث کے ناقابل شکست 79 رنز کے باوجود خیبرپختونخوا کی ٹیم مقررہ 20 اورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بناسکی۔ فخر زمان کے 11 اور افتخار احمد کے 10 رنز کے علاوہ کے پی کا کوئی بھی بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ حارث رؤف نے 28 رنز دے کر 3 جب کہ عماد وسیم نے 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔



فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
Load Next Story