کراچی میں فیکٹری کے کیمیکل ٹینک کی صفائی کے دوران 6 مزدور جاں بحق

واقعے کے وقت مزدور فیکٹری کے ٹینک کی صفائی کررہے تھے، پولیس حکام


ویب ڈیسک October 17, 2020
لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔۔ فوٹو: فائل

KARACHI: سائٹ ایریا میں گارمنٹس فیکٹری کے ٹینک کی صفائی دوران پیش آنے والے المناک واقعے میں 6 مزدور دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او سائٹ بی سب انسپکٹر محمد ایاز نے بتایا کہ سائٹ نورس چورنگی کے قریب مقامی گارمنٹس فیکٹری میں 6 مزدور کیمیکل ٹینک کی صفائی کے لیے اترے تھے کہ کام کے دوران ان کی حالت اچانک غیر ہوگئی اور تمام مزدور دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ چھیپا فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ کر سخت جدوجہد کے بعد مزدورں کی لاشوں کو نکال کر ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں ان کی شناخت 28 سالہ شہباز ، 22 سالہ کاشان ، 25 سالہ نصیب ، 22 سالہ بھوہرا ، 26 سالہ رمیش اور 23 سالہ گردھاری کے نام سے ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر سندھ کے وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ضابطے کی کارروائی کے بعد تمام لاشوں کو لائنز ایریا چھیپا سرد خانے لایا گیا جس میں سے 3 لاشوں رمیش ، گردھاری اور بھوہرا کی لاش کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے ان کے آبائی علاقے اندرون سندھ عمر کوٹ روانہ کر دیا گیا۔ دیگر جاں بحق ہونے والوں میں نصیب اورنگی ٹاؤن جبکہ کاشان اور شہباز پاک کالونی کے رہائشی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے اور فیکٹری انتظامیہ کی غفلت و لاپروائی پائی گئی تو مقدمہ درج کیا جائیگا یا واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں سے کسی کے لواحقین نے قانونی کارروائی کے لیے درخواست دی تو پولیس ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |