سعودی عرب کا قطر سے تعلقات بحال کرنے کا عندیہ

سعودی عرب نے 2017 میں دہشت گردوں کی معاونت کا الزام عائد کرکے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرلیے تھے

یہ بات سعودی وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی، فوٹو : الجزیرہ

سعودی عرب نے تین برس بعد قطر کے ساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات بحال کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازعے کے خاتمے کے لیے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے واشنگٹن میں امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قطری بھائیوں کے ساتھ تعلقات کے خواہش مند ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ بھی اسی طرح پُرعزم ہوں گے۔


سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی ہر کاوش کا خیر مقدم کرتا ہے اور تنازعات کا حل چاہتا ہے تاہم اس کے لیے جائز سیکیورٹی خدشات کو دور کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

فیصل بن فرحان نے کہا کہ خدشات اور تحفظات کو ختم کرنا ایسا راستہ ہے جس سے خطے کے تمام ممالک کے درمیان دیرپا اور خوشگوار تعلقات قائم ہوسکتے ہیں اور میں ایسا مستقبل قریب میں ہوتا دیکھ رہا ہوں۔

واضح رہے کہ 5 جون 2017 کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سمیت سات عرب ممالک نے دہشت گردی میں معاونت کا الزام لگا کر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے جس کے جواب میں قطر نے ان ممالک کی اشیا پر پابندی عائد کردی تھی۔
Load Next Story