اسرائیل کے معاملے پر پاکستان اور عرب دنیا ایک پیج پر ہیں طاہر اشرفی

مفتی تقی عثمانی، علامہ شہنشاہ نقوی سمیت دیگر جیّد علما کی سیکیورٹی فول پروف بنائی جائے، پریس کانفرنس سے خطاب

طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ فلسطینی قیادت نے پاکستان سے ثالثی کی درخواست کی ہے(فوٹو، فائل)

وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان علما کونسل کے سربراہ مولانا حافظ طاہراشرفی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے معاملے پر پاکستان اور عرب دنیا ایک پیج پر ہیں۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ مولانا عادل خان شہید کا قتل بہت بڑا سانحہ ہے۔ مولانا عادل خان صاحب کو سیکیورٹی کیوں نہیں دی گئی۔ اس کے اسباب میں جو بتایا گیا ہے اس میں کوتاہی ہوئی ہے۔ اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کرے۔ سندھ حکومت سے جو معلومات حاصل ہوئی ہیں اس کے مطابق بہت جلد مولانا عادل خان شہید کے قاتل گرفت میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ شیعہ سنی فسادات کرانے کی سازش کی جارہی ہے۔ توہین اور تکفیر کے 80 فیصد ملزمان گرفتار ہیں۔ جو رہ گئے ہیں انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا۔ پاکستان علما کونسل کے ضابطہ اخلاق پیام پاکستان پر سب نے دستخط کیے۔پاکستان میں فسادات کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی بنائیں گے۔ ہمارا تمام فقہ کے علما سے رابطہ ہے۔


انہوں نے کہا کہ کراچی میں مفتی تقی عثمانی، علامہ شہنشاہ نقوی سمیت دیگر جیّد علما فرنٹ پر ہیں ان کی سیکیورٹی فل پروف بنائی جائے ۔ وزیر اعظم سے بات ہوئی ہے۔ پورے پاکستان میں اکابرین کی حفاظت کے اقدامات کیے جائیں گے۔ جو حکومت کرسکتی ہے وہ کرے گی اور جو وہ خود کرسکتے ہیں وہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ شر پسند عناصر ملک کیخلاف سازش کررہے ہیں۔ مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے جو ان چند روز قبل شہید ہوئے ہیں۔ دشمن کا نشانہ پاکستان ہے وہ ڈالر خرچ کررہے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ عوام اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کیا جائے۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ ہمارے اسلامی اور عرب دنیا سے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ فلسطین کے معاملے پاکستان اور عرب دنیا ایک پیج پر ہیں۔ فلسطین کی قیادت نے پاکستان کو ثالثی کی درخواست کی ہے جب تک فلسطینی تیار نہیں اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ صرف پاکستان اور سعودی عرب نے اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینا چاہتے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ عوام کو فوج اور اسلام سے دور کیا جائے۔ پاکستان کے عوام ان سازشوں کو ناکام بنادے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نجومی نہیں ہوں کہ بتا سکوں کہ حکومت دسمبر میں ختم ہوجائے گی۔ہم سمجھتے ہیں موجودہ حکومت 5 سال پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور امن و امان سب سے اہم مسئلہ ہے۔وزیر اعظم کی پہلی ترجیح ہے کہ ان کو حل کیا جائے۔
Load Next Story