کل کی تقریر سے ہم نے نواز شریف کو غدار سمجھنا شروع کر دیا غلام سرور خان

اپوزیشن پاکستان کو شام بنانا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر ہوا بازی


ویب ڈیسک October 17, 2020
اپوزیشن پاکستان کو شام بنانا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر ہوا بازی ۔ فوٹو : فائل

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کل کے جلسے کی تقریر سے ہم نے نواز شریف کو غدار سمجھنا شروع کر دیا ہے، وہ پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے دھواں دار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے گوجرانولہ جلسے میں فوج کے شہداء کا نام تک نہیں لیا گیا، دہشت گردوں اور پی ڈی ایم کا ایک ہی مشن ہے، انہوں نے دہشت گردی کی مذمت نہیں کی، دہشت گردوں نے شہداء پر فائرنگ کی جب کہ پی ڈی ایم نے فوج کا نام لے کر لفظی گولہ باری کی، ایسی سوچ پر لعنت بھیجتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اب کھل کر سامنے آگئی ہے، افواج پاکستان کی سرحدوں کی محافظ ہیں جب کہ تباہ مسلم ممالک کی پہلے فوج تباہ کی گئی، اپوزیشن پاکستان کو شام بنانا چاہتے ہیں، یہ ففتھ جنریشن، یہود ہنود کی وار ہے، یہ پاکستان میں خانہ جنگی کا سماں پیدا کرنا چاہتے ہیں، مگر پوری قوم فوج اور اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف خود کو الطاف حسین اور شیخ مجیب بنانا چاہتے ہیں، کل کے جلسے کی تقریر سے ہم نے نواز شریف کو غدار سمجھنا شروع کر دیا ہے، اس کے مطابق قانونی ایکشن ہوگا، نواز شریف پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، نواز شریف کو پاکستان میں واپس لارہے ہیں، یہاں وہ سزائیں بھگتیں گے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ پی آئی اے اور اس کے کسی اثاثہ کی نجکاری نہیں کی، پی آئی اے کو اپنے پاؤ ں پر کھڑا اور مضبوط بنانا چاہتے ہیں، مہنگائی بےروزگاری پر قابو تاحال نہیں پاسکے، ہر کابینہ اجلاس کے بعد ایک گھنٹہ مہنگائی پر بات ہوتی ہے تاہم مہنگائی کے جن پر قابو پا لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے کرپشن سے تحریک انصاف کو محفوظ رکھا ہے، شریف اور زرداری فیملیاں ملک میں کینسر کا پھوڑا ہیں جنہیں ہم نے نکال دیا ہے، بڑے اور چھوٹے چوروں پر بھی ہاتھ ڈالیں گے، تمام معاشی اعشاریے بہترین، ایشو صرف مہنگائی ہے، گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کیا جارہا ہے آٹے پر سبسڈی دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں