کراچی میں جرائم30 فیصد کم ہوگئے ہیں قائم علی شاہ

ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتیں قیام امن کیلیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں ،وزیراعلیٰ سندھ

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات موجودہ آرڈیننس کے تحت ہی کرائے جائیں گے۔ فوٹو : فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں30فیصد جرائم کم ہوگئے ہیں،25سال کے بعد ایسی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

رینجرز اور پولیس نے یہ کام کیا ہے جو پہلے انھوں نے نہیں کیاتھا، ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتیں قیام امن کیلیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں ، یہ پاکستان کی بقاکا معاملہ ہے کیونکہ کراچی پاکستان کا سر ہے، وہ جمعہ کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید فیصل سبزواری کے توجہ دلاؤ نوٹس پر بیان دے رہے تھے ، سید فیصل سبزواری نے ایوان کو بتایا کہ کچھ دہشت گردوں نے ایک شخص کی گردن کاٹ کراس کا سرکراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب شاہراہ پاکستان کے پل پر لٹکادیا،یہ بات انتہائی تشویشناک ہے،وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ4ستمبر 2013کو کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا گیا تھا ،اس کے نتائج کے بارے میں ہم عوام اور میڈیا کو مسلسل آگاہ کررہے ہیں۔




دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مشرف کے بلدیاتی قانون پر جب کسی پارٹی کو کوئی اعتراض نہیں تھا تو اس قانون پر بھی اعتراض کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابات موجودہ آرڈیننس کے تحت ہی کرائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبد الطیف بھٹائی کے 270ویں عرس مبارک کے اختتامی روز درگاہ پر چادر چڑھا کر عرس کی تقریبات کا اختتام کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت اور تقریب تقسیم لطیف ایوارڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف ہمیں دکھ نہ پہنچائیں بلکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں جس طرح انھوں نے مسلم لیگ ن کے مینڈینٹ کو تسلیم کیا ہے، وہ اپنا کام کریں اور ہمیں اپنا کام کرنے دیں۔
Load Next Story