لاہورکو12سال بعد ٹیسٹ کی میزبانی ملے گی

جنوبی افریقی ٹیم کیخلاف دوسرا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کرایا جائے گا

پہلا ٹیسٹ کراچی میں کھیلا جائے گا،ٹی20میچز کا راولپنڈی میزبان

لاہور کو 12 سال بعد پہلے ٹیسٹ کی میزبانی ملنے کا امکان روشن ہوگیا، مجوزہ شیڈول کے مطابق مہمان جنوبی افریقی ٹیم کیخلاف سیریز میں طویل فارمیٹ کا دوسرا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کرایا جائے گا۔


تفصیلات کے مطابق مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے نے ملکی میدان ویران کر دیے تھے،انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل بتدریج آگے بڑھ رہا ہے، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں کراچی اور راولپنڈی میں ٹیسٹ میچز کھیل چکی ہیں، دوسری جانب لاہور کو پی ایس ایل سمیت محدود اوورزکے مقابلوں کی میزبانی کا موقع ملا، البتہ گذشتہ 12 سال سے یہاں کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا گیا،ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ سے جنوری میں سیریز کے مجوزہ شیڈول میں ایک ٹیسٹ قذافی اسٹیڈیم میں بھی رکھا گیا ہے، پاکستانی ٹیم دورۂ نیوزی لینڈ کے بعد 12 جنوری کو وطن واپس آئے گی، تربیتی کیمپ کے بعد پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کوکراچی میں شروع ہوگا، دوسرے میچ کیلیے لاہور میں میدان سجے گا، تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کو رواں سال ستمبرمیں 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ جانا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے دورہ غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کردیا گیا، اب اسے پی ایس ایل 6 کے بعد اپریل میں شیڈول کیے جانے کا امکان ہے، اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کو جنوری میں پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے، 12 رکنی مہمان وفد پی ایس ایل 5 کے باقی میچز کے دوران لاہور کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی سمیت انتظامات کا جائزہ لے گا، مہمان آفیشلز کا دورۂ راولپنڈی بھی متوقع ہے۔
Load Next Story