لٹل ماسٹر حنیف محمد آج 79 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

چند ماہ قبل انتقال کرجانے والے پوتے ایان کی بہت یاد آئے گی، سابق بیٹسمین

اگر پاکستان نے سیریز میں سری لنکا کو شکست دے دی تو یہ میری سالگرہ کا تحفہ ہو گا. فوٹو: فائل

دنیائے کرکٹ کے سابق عظیم بیٹسمین حنیف محمد ہفتے کواپنی 79 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، 5 ماہ قبل لندن میں کینسر کی سرجری سے گزرنے والے حنیف کی 24 دسمبر کو مقامی اسپتال میں چھٹی کیموگرافی ہوگی۔

کرکٹ میں لٹل ماسٹر کا لقب پانے والے حنیف محمد کا کہنا ہے کہ اس سالگرہ پر چند ماہ قبل انتقال کرجانے والے نوعمر پوتے ایان کی بہت یاد آئے گی، یہ سانحہ میری زندگی میں سب سے زیادہ رنجیدہ اور المناک ہے، بیماری کی وجہ سے کمزوری کا شکار حنیف محمد نے کہا کہ اگر پاکستان نے سیریز میں سری لنکا کو شکست دے دی تو یہ میری سالگرہ کا تحفہ ہو گا،21 دسمبر1934کوبھارتی ریاست گجرات کے علاقے جونا گڑھ میں پیدا ہونے والے حنیف محمد نے کہا کہ میں اپنی سالگرہ انتہائی سادگی سے مناتے ہوئے کیک ضرور کاٹوں گا،سابق اسٹار انتقال کر جانے والے پوتے اور سابق ٹیسٹ کرکٹر شیعب محمد کے صاحبزادے ایان کو یاد کرکے بہت رنجیدہ ہوگئے۔




1957 میں برج ٹائون میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 970 منٹ تک کریز پر رہ کر337 رنز جوڑنے والے حنیف محمد نے اگلے برس ناقابل شکست499 رنز کی اننگز کھیل کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں ریکارڈ قائم کیا تھا، بھارت کے خلاف 1952 میں دہلی میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے حنیف محمد نے55 ٹیسٹ میچز کی97 اننگز میں12 سنچریوں اور15 نصف سنچریوں کی مدد سے3915 رنز بنائے، انھوں نے کہا کہ مجھے کرکٹ نے لڑنا سکھایا اور میں اپنی بیماری کا بہادری سے مقابلہ کررہا ہوں، انھوں نے اپنے پرستاروں اور بہی خواہوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے دعائوں میں شامل رکھنے کی درخواست کی ہے۔
Load Next Story