زمبابوے سیریزکے لیے میچ آفیشلزکا اعلان

شوزب رضا اور جنوبی افریقہ کے شان جارج 36، 36 میچوں کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔


Sports Desk October 20, 2020
30 اکتوبر سے دس نومبر تک جاری رہنے والی سیریز کے کُل چھ میں سے پانچ میچوں میں علیم ڈار آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے

KARACHI: پاکستان اورزمبابوے کے خلاف 3 ایک روزہ اور3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے خلاف 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ 30 اکتوبر سے دس نومبر تک جاری رہنے والی سیریز کے کُل چھ میں سے پانچ میچوں میں علیم ڈار آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی سیریز راولپنڈی جبکہ تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی۔

تین مرتبہ آئی سی سی امپائر آف دی ائیر کا اعزاز اپنے نام کرنے والے پاکستانی امپائر علیم ڈار اس وقت آئی سی سی ایلیٹ پینل برائے امپائرز میں شامل ہیں۔ انہیں سیریز میں شامل تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں سمیت پہلے اور تیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے آن فیلڈ امپائر مقرر کیا گیا ہے جبکہ دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں وہ تھرڈ امپائر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
آئی سی سی نے پروفیسر جاوید ملک کو اس سیریز کے لیے میچ ریفری مقرر کیا ہے۔ وہ آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کا حصہ ہیں۔ سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں آن فیلڈ امپائر کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے احسن رضا کا یہ 50 واں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ہوگا، وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے امپائر بن جائیں گے۔ اس فہرست میں علیم ڈار کا نمبر دوسرا ہے۔ وہ 46 میچوں میں یہ ذمہ داریاں ادا کرچکے۔

شوزب رضا اور جنوبی افریقہ کے شان جارج 36، 36 میچوں کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر، احسن رضا نے فروری 2010 میں شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں افغانستان اورکینیڈا کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے امپائرنگ کیرئیر کا آغاز کیا۔ اسی سال انہوں نے اکتوبر میں ابوظہبی میں کھیلے گئے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ سے اس فارمیٹ کے سفر کا آغاز کیا۔ 46 سالہ امپائر اب تک مجموعی طور پر 85 انٹرنیشنل میچوں میں یہ فرائض انجام دے چکے ہیں۔

پاکستان اور زمبابوے کے مابین سیریز کے لیے آئی سی سی کی عبوری پلیئنگ کنڈیشنز مندرجہ ذیل ہیں:
گیند پر تھوک لگانے کی پابندی:

کسی بھی کھلاڑی کو تھوک سے گیند کو چمکانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کوئی کھلاڑی تھوک سے گیند کو چمکاتا ہے تو ابتدائی طو رپر امپائر تھوڑی نرمی کا مظاہرہ کرے گا تاہم اگلی خلاف ورزی پر مذکور ٹیم کو انتباہ جاری کردیا جائے گا۔ ایک ٹیم کو دومرتبہ وارننگ جاری کی جاسکتی ہے، جس کے بعد گیند کو تھوک سے چمکانے پر بیٹنگ سائیڈ کو پنالٹی کے طور پر 5 اضافی رنز دے دئیے جائیں گے۔
نیوٹرل امپائرز:

لاجسٹک کے موجودہ چیلنجزز کے سبب سیریز میں نیوٹرل امپائرز کی تقرری کی شرط کو عارضی طور پر ختم کردیا گیا ہے، لہٰذا آئی سی سی اپنے ایلیٹ اور انٹرنیشنل پینلز میں سے میچ آفیشلز کی تقرری کررہا ہے۔
اضافی ڈی آر ایس رویو:

سی ای سی نے تصدیق کی ہے کہ ان حالات میں کم تجربہ رکھنے والے امپائرزکی تعیناتی کے باعث ہر ٹیم کو میچ کی ہر اننگز کے لیے ایک اضافی ڈی آر ایس رویو دیا جارہا ہے، لہٰذا وائٹ بال کرکٹ میں اب ہر ٹیم کے پاس اننگز میں 2 رویوز لینے کی اجازت ہوگی۔
سیریز کے لیے اعلان کردہ امپائر پینل (ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کا آغاز 12 بجے دوپہر جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کا آغاز ساڑھے تین بجے ہوگا):

تیس اکتوبر: پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام راولپنڈی، علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ امپائرز)، آصف یعقوب (تھرڈ امپائر)، راشد ریاض (فورتھ امپائر) اور جاوید ملک (میچ ریفری)۔

یکم نومبر: دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام راولپنڈی، علیم ڈار اور آصف یعقوب (آن فیلڈ امپائرز)، احسن رضا (تھرڈ امپائر)، شوزب رضا (فورتھ امپائر) اور جاوید ملک (میچ ریفری)۔

تین نومبر: تیسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام راولپنڈی، علیم ڈار اور راشد ریاض (آن فیلڈ امپائرز)، احسن رضا (تھرڈ امپائر)، آصف یعقوب (فورتھ امپائر) اور جاوید ملک (میچ ریفری)۔

سات نومبر: پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام لاہور، علیم ڈار اور آصف یعقوب (آن فیلڈ امپائرز)، راشد ریاض (تھرڈ امپائر)، شوزب رضا (فورتھ امپائر) اور جاوید ملک (میچ ریفری)۔

آٹھ نومبر:دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام لاہور، احسن رضا اور راشد ریاض (آن فیلڈ امپائرز)، علیم ڈار (تھرڈ امپائر)، شوزب رضا (فورتھ امپائر) اور جاوید ملک (میچ ریفری)۔

دس نومبر:تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ بمقام لاہور، علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ امپائرز)، آصف یعقوب (تھرڈ امپائر)، شوزب رضا (فورتھ امپائر) اور جاوید ملک (میچ ریفری)

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں