وفاقی کابینہ اجلاس وزرا کا مہنگائی میں کمی کی حتمی مدت بتانے کا مطالبہ

گندم اور آٹے کی صورت حال کب بہتر ہوگی؟ وزرا کا سوال


ویب ڈیسک October 20, 2020
پی ٹی آئی کا سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ میں مہنگائی پر بحث ہوئی اور وزرا نے صورتحال میں بہتری اور قیمتوں میں کمی کی حتمی مدت بتانے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تاہم اس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق میڈیا بریفنگ موخر کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے گن اینڈ کنٹری کلب کی عارضی مینجمنٹ کمیٹی کی تشکیل اور سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کے 7 اکتوبر کے فیصلوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 اکتوبر کو ہونے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

کابینہ اجلاس میں مہنگائی کے معاملے پر آج بھی بحث ہوئی اور وزراء نے وفاقی وزیر برائے فوڈ سکیورٹی فخر امام سے سوالات کرتے ہوئے پوچھا کہ گندم اور آٹے کی صورت حال کب بہتر ہوگی؟ آپ ٹائم لائن دیں تا کہ عوام کو آگاہ کر سکیں۔ اجلاس میں مہنگائی کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہر صورت کمی چاہیے، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، قیمتوں سمیت سپلائی اینڈ ڈیمانڈ پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے، مہنگائی کے خاتمے کے لیے تمام وزراء اور ادارے اپنی تجاویز دیں، ہماری پوری توجہ مہنگائی کنٹرول کرنے پر ہے، غفلت برتنے والوں کی نشاندہی کریں، سخت کارروائی کریں گے۔

وزیراعظم کی خواتین سے متعلق گفتگو میں محتاط رہنے کی ہدایت

وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو خواتین کے بارے میں گفتگو میں محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی نے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ جلسہ ضرور کریں لیکن ایس او پیز پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، کیونکہ کورونا پھر پھیل رہا ہے، لہذا احتیاط بہت ضروری ہے۔

شہزاد اکبر چینی مہنگی ہونے کے ذمہ دار

معاون خصوصی ندیم افضل چن نے چینی مہنگی ہونے کا ذمہ دار شہزاد اکبر کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینی سے متعلق کمیشن کی رپورٹ پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا، شہزاد اکبر نے چینی انکوائری رپورٹ میں لوگوں کو ٹارگٹ کروایا، انکوائری رپورٹ کے نتیجے میں چینی مزید مہنگی ہوگئی، متعلقہ حکام میرے ساتھ بیٹھیں اور بات کریں، چینی اور گندم سستی ہو سکتی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی سے متعلق واجد ضیاء کی رپورٹ کے بعد فزیکل ویریفیکیشن کا عمل شروع کیا گیا، اوسطاً ماہانہ دو سے ڈھائی لاکھ ٹن چینی کی کھپت میں اچانک کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم اور چینی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ اگلے کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں