کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری گورنر اورسندھ کی قیادت اسلام آباد طلب

پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں کے ساتھ وزیراعظم اور وفاقی وزرا کی ملاقاتیں ہوں گی

پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں کے ساتھ وزیراعظم اور وفاقی وزرا کی ملاقاتیں ہوں گی . فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری و رہائی کے بعد شہر اقتدار میں بھی سیاسی بھونچال آگیا اور گورنر سندھ کے بعد پی ٹی آئی سندھ کی قیادت کو بھی اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے۔

‍‍ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو اسلام آبد طلب کرلیا ہے، حلیم عادل شیخ، خرم شیرزمان اور فردوس شمیم نقوی کو بھی اسلام آباد بلا لیا گیا ہے جو آج اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں کے ساتھ وزیراعظم اور وفاقی وزرا کی ملاقاتیں ہوں گی جب کہ کراچی کی صورتحال پر 22 اکتوبر کو اجلاس بھی متوقع ہے۔

یاد رہے 18 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مزار قائد پر حاضری دی اور اس موقعے پر مریم نواز کے خاوند کیپٹن (ر) صفدر نے مزار کے اندرونی احاطے میں نعرے بازی کی۔


تحریک انصاف کی جانب سے کیپٹن (ر) صفدر کے اس اقدام پر شدید تنقید کی گئی اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد اگلے ہی صبح کیپٹن (ر) محمد صفدر کو نجی ہوٹل سے گرفتار کرلیا گیا۔ انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف مقدمے میں تمام دفعات قابل ضمانت ہونے کی بنا پر ان کی ضمانت منطور کرکے انہیں رہا کرنے کے حکم جاری کیا گیا۔

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری اور رہائی کے معاملے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر آئی جی سمیت سندھ پولیس کے دیگر اعلی افسران نے چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کرلیا جب کہ ایڈیشنل آئی جی نے دو ماہ کی چھٹی کی درخواست جمع کروا دی۔

اس تمام تر صورتحال میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

بعد ازاں آرمی چیف نے کراچی میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کورکمانڈرکراچی کو حقائق تک پہنچ کر جلدازجلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
Load Next Story