جاسوسی کا الزام ’’سیودی چلڈرن‘‘ کے غیر ملکی عملے کو پاکستان چھوڑنے کا حکم

سابق ڈائریکٹرنے شکیل آفریدی کوامریکیوں سے ملوایاتھا،انٹیلی جنس رپورٹ، غیرملکی جاسوس ادارے سے روابط تھے، پاکستانی حکام


Express Desk/AFP September 07, 2012
سابق ڈائریکٹرنے شکیل آفریدی کوامریکیوں سے ملوایاتھا،انٹیلی جنس رپورٹ، غیرملکی جاسوس ادارے سے روابط تھے، پاکستانی حکام

پاکستان نے بچوں کی فلاح کیلیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ''سیودی چلڈرن''کے غیرملکی اہلکاروں کو2 ہفتے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

سیودی چلڈرن کے ترجمان غلام قادر کے مطابق رواں ہفتے کے اوائل میں وزارت داخلہ کی جانب سے کوئی وجہ بتائے بغیر غیرملکی اہلکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا اور اس کے بارے میں تنظیم کو انٹیلی جنس بیورو نے آگاہ کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس وقت 6 غیرملکی پاکستان میں جاری منصوبوں سے منسلک ہیں جب کہ مقامی ملازمین کی تعداد 2 ہزار ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے حکام کے ساتھ بات چیت میں ڈیڈلائن میں چند ہفتوں کی توسیع کردی گئی ہے تاکہ غیرملکی ارکان کو واپس جانے کیلیے مناسب وقت مل سکے۔ ترجمان نے کہا کہ غیرملکی عملے کی ملک بدری سے جاری منصوبے متاثر نہیں ہوں گے۔

ہم نے پاکستان میں اپنے منصوبوں کو جاری رکھنے کا عزم کررکھا ہے، جن سے 70 لاکھ سے زائد بچے اور ان کے خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق تنظیم کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایبٹ آباد میں امریکی کارروائی کے بعد ہمارے غیرملکی اہلکاروں کو ویزے کے معاملے میں تنگ کیا گیا اور کئی علاقوں میں کارروائی کی اجازت نہیں دی گئی۔ اے ایف پی کے مطابق پاکستان کی سول اور ملٹری انٹیلی جنس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیودی چلڈرن کے سابق ڈائریکٹر نے شکیل آفریدی کو امریکیوں سے متعارف کرایاتھا۔ تنظیم کے ترجمان نے ان الزامات کی تردیدکرتے ہوئے کہا کہ الزامات بے بنیاد ہیں۔

ادارہ مینڈیٹ سے ہٹ کر کسی سرگرمی میں ملوث نہیں۔ امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کے عہدیدار اور ایک سیکیورٹی اہلکار نے تصدیق کی کہ سیو دی چلڈرن کے غیرملکی کارکنوںکو پاکستان میں سرگرم ایک غیرملکی جاسوس ادارے کے ساتھ تعلق کے الزام میں ملک چھوڑنے کا حکم دیاگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں