پاکستان میں مفاد پرست لوگ مذہب کو دنیاوی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں وزیراعظم

پاکستان کی اکثریت اقلیتوں کی معترف اورقدردان ہےاور پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں نے قابل فخر کردار ادا کیا ہے، نوازشریف


ویب ڈیسک December 21, 2013
پاکستان کا آئین مذہبی بنیادوں پر کسی تفریق کی اجازت نہیں دیتا، وزیراعظم نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں تمام مذاہب امن اور سلامتی کا درس دیتے ہیں۔

گورنر ہاؤس لاہور میں مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کے حوالے سے منقعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین مذہبی بنیادوں پر کسی تفریق کی اجازت نہیں دیتا اور قائداعظم محمد علی جناح نے بھی تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے مساوی حقوق کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تمام مذاہب کا مشترکہ مقصد تذکیہ نفس ہے، بد قسمتی سے پاکستان میں بھی کچھ مفاد پرست لوگ ہیں جو مذہب کو دنیاوی مقاصد کے لئے استعمال کررہے ہیں اور اقلیتوں کا استحصال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اکثریت اقلیتوں کی معترف اور قدردان ہے اور پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں نے قابل فخر کردار ادا کیا ہے، حکومت نے اقلیتی بستیوں کے لئے 20 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پشاور میں چرچ پر حملہ کرنے والے وہی لوگ ہیں جنھوں نے مساجد، امام بارگاہوں اور گردواروں کو نشانہ بنایا اور ان افراد کا کوئی مذہب نہیں ہے، دہشتگردی نے کسی ایک مذہب کو متاثر نہیں کیا بلکہ ملک کا ہر طبقہ اور مذہب دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے، مذہبی منافرت پھیلانے والوں کا راستہ ہم سب کو مل کر روکنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں