جماعت اسلامی نے بھی سندھ لوکل ترمیمی آرڈیننس کو عدالت میں چیلنج کردیا

پیپلزپارٹی اپنے مفادات اور من پسند نتائج حاصل کرنے کے لئے بغیر کسی مشاورت کے اپنی مرضی کے آرڈیننس لارہی ہے، درخواست


ویب ڈیسک December 21, 2013
پیپلزپارٹی اپنے مفادات اور من پسند نتائج حاصل کرنے کے لئے بغیر کسی مشاورت کے اپنی مرضی کے آرڈیننس لارہی ہے، درخواست فوٹو: این این آئی

متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بعد جماعت اسلامی نے بھی سندھ لوکل ترمیمی آرڈیننس کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ لوکل ترمیمی آرڈیننس 2013 کے خلاف درخواست جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنے مفادات اور من پسند نتائج حاصل کرنے کے لئے بغیر کسی مشاورت کے اپنی مرضی کے آرڈیننس لارہی ہے اور اس طرح صوبائی حکومت انتخابات سے قبل بڑے پیمانے پر دھاندلی کی تیاری کررہی ہے لہذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست دائر کرنے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخابات کرائے جائیں تاہم جب تک یہ سہولت موجود نہیں کم از کم انگوٹھوں کے نشانات کے لئے مقناطیسی سیاہی استعمال کی جائے لیکن اب اس سے بھی انکار کیا جارہا ہے جو انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہم نے سندھ لوکل ترمیمی آرڈیننس کے خلاف درخواست تو دائر کردی لیکن سندھ بالخصوص کراچی اور حیدر آباد میں ووٹر لسٹیں ہی جعلی ہوتی ہیں اور ایک مخصوص گروہ نے اس پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں ہم نے سپریم کورٹ میں بھی کیس دائر کیا تھا جس پر عدالت نے ووٹر لسٹوں کی تیاری فوج کی نگرانی میں کرانے کا حکم دیا تھا تاہم اس پر کوئی کام نہیں ہوا اور اب دوبارہ انہی فہرستوں پر انتخابات کرائے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں