ایس اوپیزکی خلاف ورزی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ترکش ایئرلائن پرجرمانہ عائد کردیا

ایئرلائن مسافرکوہیلتھ اسٹاف کے حوالے کرے گی جس کے بعد مسافرکو قرنطینہ میں رکھ کر کورونا ٹیسٹ کیا جائیگا

مسافرکوکنیکٹنگ پروازکے ذریعے استنبول سے لاہور آنا تھا: فوٹو: فائل

کورونا وائرس ایس او پیز پرعمل درآمد نہ کروانے پرسول ایوی ایشن اتھارٹی نے ترکش ایئرلائن پر جرمانہ عائد کردیا۔

سی اے اے نے کورونا وائرس ایس اوپیزکی خلاف ورزی کرنے پرایوی ایشن قوانین کے مطابق ترکش ایئرلائن پرایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، اس حوالے سے سی اے اے شعبہ ایئرٹرانسپورٹ نے جر مانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔


ترکش ایئرلائن نے مسافر محمد اشفاق کو افریکی ملک مالی سے بغیرکورونا ٹیسٹ کے استنبول تک سفرکرایا، مسافرکوکنیکٹنگ پرواز کے ذریعے استنبول سے لاہورآنا تھا، مسافراشفاق کو استنبول ایئرپورٹ پر ہی اتاردیا تھا، مسافر5 دن سے استنبول ایئرپورٹ پر محصور رہا، مسافرکے پاس ترکی کا ویزہ نہ ہو نے کی وجہ سے ہوٹل بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی، پاکستانی سفارت خانے نے مذکورہ مسافرسے رابطہ کیا اور پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایک خط میں غیرملکی ایئرلائن کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

وزارت خارجہ کی ہدایت پرمحمد اشفاق نامی مسافر کو بغیر پی سی آرٹیسٹ کے پاکستان میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے، محمد اشفاق کو استنبول ایئرپورٹ، ترکی سے لاہور پاکستان لایا جائے گا، ایئرلائن مسافرکو ہیلتھ اسٹاف کے حوالے کرے گی جس کے بعد مسافرکو قرنطینہ میں رکھ کر کورونا ٹیسٹ کیا جائیگا۔ محمد اشفاق کو پی سی آر کا ٹیسٹ نہ ہونے کے سبب انہیں فلائٹ میں سفر نہیں کرنے دیا گیا تھا، استنبول ائرپورٹ پر پی سی آر کی سہولت موجود نہیں تھی جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے بی کیٹگری والے ممالک کے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قراردیا گیا ہے۔
Load Next Story