ن لیگ کا آئی جی سندھ کے معاملے پر عدالتوں سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ

آئی جی سندھ کے اغوا کی تمام ترذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوتی ہے، شاہد خاقان عباسی

عمران خان اپنا اقتدار بچانے کیلئے ہر قسم کا سودا کرنا چاہتے ہیں، احسن اقبال ۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد:
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پی ڈی ایم کے جنرل سیکرٹری شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آئی جی کے گھر کا محاصرہ اور اغوا کا ذمہ وزیراعظم عمران خان پر عائد ہوتا ہے۔

کیپٹن ر صفدر والا معاملہ چار دن سے چل رہا ہے، معاملے کی کئی پیچیدگیاں اور حقائق آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں، معاملات بہت سنگین ہیں، آئین کو توڑاگیا، حقیقت یہ ہے کہ حکومت چادراور چار دیواری کو پامال کرنے میں مصروف ہے اور اس کا حکم براہ راست وزیراعظم عمران خان دے رہے ہیں، وزیراعظم نے ناصرف خود حلف توڑا بلکہ اپنے ساتھ افسران کو بھی حلف توڑنے کا حکم دیا، افسر کو اغوا کرنے اور آئین توڑنے پرعدالتوں نے سوموٹو نہیں لیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وفاق صوبے پر حملہ آور ہوا جو ایک حقیقت ہے، آئی جی سندھ کو اغواء کرکے مقدمہ درج کرنے کا دباؤ ڈالا گیا، آئی جی کے گھر کا محاصرہ کرنے والے دونوں ادارے وفاق کے ماتحت ہیں، دونوں اداروں کے سربراہان وزیراعظم سے ہدایات لیتے ہیں، آئی جی سندھ تمام واقعے کا مقدمہ درج کرانے سے قاصر ہیں، جس ملک میں اعلیٰ افسران کو اغوا کیا جائے وہاں کون خود کو محفوظ تصور کرسکتا ہے، ہم نے بھی اکیس اکتوبر کو ایف آئی آر کی درخواست دی مگر ابھی تک درج نہیں ہوئی، تفتیش کیسے ہوگی کون کرے گا اس کا تعین کرنا مشکل ہے۔


لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم نے اس سارے معاملے میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے، اس لئے بلاول بھٹو نے آرمی چیف سے تمام واقعے کی تحقیقات کی درخواست کی، لیکن ہوٹل توڑنے کی تحقیقات آرمی چیف کے دائرہ اختیار میں نہیں، آرمی ایکٹ کے تحت آرمی چیف صرف اپنے افسران کی تفتیش کرسکتے ہیں، شواہد موجود ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے کا حکم دیا، تمام تر ذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوتی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک تسبیح پڑھتے ہیں میں این آر او نہیں دوں گا، جب کہ ملک دشمن بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو عمران خان نے سپراین آراو دیا اور اس کو اپیل کا حق دینے کیلئے زبردستی بل منظور کرایا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان انتقام کا ایجنڈا رکھتے ہیں، اور اپنا اقتدار بچانے کیلئے ہر قسم کا سودا کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کی پہلی اور آخری میٹنگز مقدمات کے حوالے سے ہوتی ہے۔ پاکستان کی طاقت کو نقصان پہنچانے کیلئے ان کو مسلط کیا گیا۔
Load Next Story