سندھ حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر جزیروں پر کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوگا اٹارنی جنرل

سندھ کے جزیروں کا انتظام وفاق کو دینے سے متعلق آرڈیننس کے خلاف درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری


ویب ڈیسک October 23, 2020
سندھ کے جزیروں کا انتظام وفاق کو دینے سے متعلق آرڈیننس کے خلاف درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری

اٹارنی جنرل خالد جاوید نے سندھ ہائی کورٹ کو یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر کراچی کے قریب جزیروں پر کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوگا۔

سندھ ہائی کورٹ میں سندھ کے جزیروں کا انتظام وفاق کو دینے سے متعلق آرڈیننس کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ سمندر میں 12 ناٹیکل مائل کے بعد وفاقی حدود شروع ہوتی ہے، تعمیراتی کام سے مینگروز کو بری طرح نقصان پہنچے گا۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے آرڈیننس کے خلاف قرارداد پاس کی ہم اس کا احترام کرتے ہیں، وفاقی حکومت قانون سے ماورا کوئی کام نہیں کررہی ، فوری طور پر کوئی تعمیراتی کام شروع نہیں ہورہا، ماحولیات اور مینگروز کا معاملہ اہم ہے اور ہم اسے دیکھ رہے ہیں، مینگروز سمیت ماحولیات کا تحفظ کیا جائے گا۔

خالد جاوید نے بتایا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے رابطے میں ہے اور باہمی تعاون سے ہی کام ہوگا، جو کام بھی ہوگا صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے کر کریں گے، سندھ حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی تعمیراتی کام نہیں ہوگا۔

سندھ حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شہریار مہر نے کہا کہ صوبائی حکومت کسی کام کے سلسلے میں اعتماد میں نہیں لیا جارہا۔ عدالت نے نئی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو قانونی نکات پر دلائل کی تیاری کی ہدایت کی اور سماعت 13 نومبر تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں