وفاقی وزیر دفاع نے پنجاب ہاؤس کراچی کو شادی ہال میں تبدیل کردیا

خواجہ آصف کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں معزز شخصیات کی آمد کے باعث پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے

سرکاری رہائش گاہ کو برقی قمقموں سے خوب جگمگایا گیا ہے جس سے پنجاب ہاؤس کسی شادی ہال کا منظر پیش کر رہا ہے۔ فوٹو: فائل

KABUL:

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اپنے بیٹے کی بارات سیالکوٹ سے کراچی کے پنجاب ہاؤس لے آئے اور اپنے اختیارات سے سب کو آگاہ کر دیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق تین تلوار کلفٹن سے قریب واقع حکومت پنجاب کی ملکیت پنجاب ہاؤس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے صاحبزادے اسد آصف کی شادی کی تقریب کے باعث سرکاری رہائش گاہ جانے والی سڑک پر معزز شخصیات اور مہمانوں کی آمد کے باعث پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے، سرکاری رہائش گاہ کو برقی قمقموں سے خوب جگمگایا گیا ہے جس سے پنجاب ہاؤس کسی شادی ہال کا منظر پیش کر رہا ہے جبکہ تقریب میں مہمانوں کی تواضع کے لئے عمدہ قسم کے پکوانوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ پنجاب ہاؤس وزرا اور اراکین اسمبلی کی رہائش کے لئے مختص ہے تاہم سرکاری عمارت کا بطور شادی ہال استعمال کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے بھتیجے کی شادی کی تقریب بھی سندھ اسمبلی کے گارڈن میں منعقد ہوچکی ہے۔
Load Next Story