ترکی کا ایس400 میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ امریکا دھمکیوں پر اتر آیا

ترکی نے امریکی مخالفت کے باوجود روس سے خریدے گئے دنیا کے جدید ترین میزائل سسٹم کا گزشتہ روز پہلا تجربہ کیا تھا

ترکی نے گزشتہ روز ایس-400 میزائل کا تجربہ کیا، فوٹو: فائل

امریکا نے خبردار کیا ہے کہ ترکی روسی ساختہ جدید ترین میزائل سسٹم ایس-400 کے مزید تجربات سے باز رہے ورنہ سیکیورٹی تعلقات خطرے میں پڑسکتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی نے امریکی دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گزشتہ روز روس سے خریدے گئے دنیا کے جدید ترین میزائل سسٹم ایس-400 کا پہلا تجربہ کیا جو کامیاب رہا جس پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی محکمہ دفاع "پینٹاگان" نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ ان تجربات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : ترکی کو امریکی ایف 35 یا روسی ایس 400 میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، امریکا


بیان میں ترکی کو امریکا کا اتحادی گردانتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ اگر ترکی ہماری تنبیہ پر کان نہیں دھرتا اور اتحادی کی حیثیت سے ذمہ داریوں کی تعمیل نہیں کرتا تو اس سے خطے میں سیکیورٹی تعلقات بھی خطرے میں پڑسکتے ہیں۔ ترکی کے مزید میزائل تجربات امریکا اور نیٹو اتحادی ہونے کی وجہ سے عائد ہونے والی ذمہ داریوں سے متصادم ہوں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا نے ترکی کو ایف 35 لڑاکا طیاروں کی فروخت منسوخ کردی

واضح رہے کہ ٹرمپ حکومت نے اس سے قبل روس سے ایس-400 میزائل سسٹم خریدنے کی پاداش میں ترکی کے ساتھ ایف -35 جنگی طیارے کی فراہمی، تکنیکی سہولت اور ترکی پائلٹس کی تربیت کے معاہدے معطل کردیئے تھے تاہم اس کے باوجود ترکی نے امریکی دباؤ کو مسترد کردیا۔

 
Load Next Story