افغانستان میں تعلیمی مرکز پر خودکُش حملے میں 24 افراد جاں بحق 57 زخمی

زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ، پاکستان کی جانب سے حملے کی شدید مذمت


ویب ڈیسک October 24, 2020
مغربی کابل میں ہونے والے دھماکے میں 18 اموات اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے(فوٹو، رائٹرز)

افغانستان کے دارالحکومت میں قائم ایک تعلیمی مرکز کے باہر خودکُش حملے میں 24 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے بتایا کہ ایک بمبار نے سیکیورٹی گارڈ کے حلیے میں مغربی کابل کے علاقے دشتِ برچی میں کوثرِ دانش تعلیمی مرکز کے باہر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت بڑی تعداد میں طلبہ سواریوں کے انتظار میں جائے وقوع پر موجود تھے۔ بعض زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے، تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق طالبان نے اس کارروائی سے تعلق ہونے کی اطلاعات مسترد کردی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی انخلا کے حوالے سے طالبان سے جاری مذاکرات کے بعد یہ حملہ ایک ایسے مرحلے میں کیا جارہا ہے جب افغانستان کے اندر مختلف فریقوں کے مابین مذاکرات کا سلسلہ ابتدائی مرحلے میں ہے۔

یاد رہے کہ مغربی کابل کے جس علاقے میں یہ حملہ ہوا ہے وہاں شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والوں کی آبادی زیادہ ہے اور ماضی میں اس علاقے میں داعش کارروائیاں کرتی رہی ہے۔

سال 2018ء میں اسی علاقے کے ایک اور تعلیمی مرکز پر حملہ ہوچکا ہے جب کہ رواں برس مئی میں ایک مسلح شخص نے اسی علاقے کے ایک زچہ و بچہ وارڈ پر حملہ کردیا تھا جس میں نوزائیدہ بچوں اور ماؤں سمیت 24 افراد کی جانیں گئی تھیں۔

پاکستان کا اظہار مذمت

دفتر خارجہ کے جاری کردی بیان میں کابل میں تعلیمی مرکز کے باہر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل کے علاقے دشت برچی میں دہشت گردانہ حملے میں کئی معصوم انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردانہ حملے میں عورتوں اور بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔