پاکستان کمزور زمبابوے پر تابڑ توڑ حملے کرے گا

جارحانہ حکمت عملی اپنائیں گے،اسٹیڈیم میں شائقین کی کمی محسوس ہوگی،بابر اعظم


Sports Reporter October 25, 2020
مہمان ٹیم کو ترنوالہ نہیں سمجھ سکتے، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے،شاداب۔ فوٹو: فائل

پاکستان کمزور زمبابوین ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کرنے کے منصوبے بنانے لگا۔

محدود اوورز کی کرکٹ میں پاکستانی کپتان بابراعظم اور نائب شاداب خان نے کمزور زمبابوین ٹیم کیخلاف مثبت کرکٹ کھیلنے کا عزم ظاہرکیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں بابراعظم نے واضح کہا کہ کھیل میں جدت کے ساتھ تیزی آتی جا رہی ہے،اس کیلیے مثالی فٹنس کی ضرورت ہوگی، بطور کپتان اور نائب کپتان ہمیں اس ضمن میں دوسروں کے لیے مثال قائم کرنا ہے، پاکستان کو آئندہ چند ماہ بہت زیادہ کرکٹ کھیلنی ہے،ہم اس میں جارحانہ حکمت عملی اپنا کر ٹیم کو ایک بار پھر ٹاپ رینک ٹیموں میں شامل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بحیثیت مجموعی ہمیں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، زمبابوے کے خلاف سیریز میں ہمیں ہوم ایڈوانٹیج حاصل مگر اسٹیڈیم میں شائقین کی کمی ضرور محسوس کریں گے، کوشش کریں گے کہ اپنی کارکردگی سے گھروں میں بیٹھے فینز کو خوشی کا موقع فراہم کرسکیں۔

شاداب خان نے کہا کہ زمبابوے کو ترنوالہ نہیں سمجھیں گے، آئی سی سی سپر لیگ کا ایک ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے، لہٰذا سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ہوم میچز میں کامیابی سے دورہ نیوزی لینڈ سے قبل اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں