ترک صدر کی فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل

طیب اردوان نے میلاد النبی ﷺ کی تقریب سے خطاب میں یورپی یونین کو اسلام کے خلاف پھیلتی منافرت کے نتائج سے خبردار کیا


ویب ڈیسک October 26, 2020
میلاد النبی ﷺ کی تقریب میں ترک صدر نے عوام سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کی(فوٹو،فائل)

ترک صدر طیب اردوان نے ترکی کے عوام سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کردی ہے۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق انقرہ میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردوان نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے مغربی ممالک میں اسلامی طرز حیات کے مطابق زندگی گزارنا مشکل ترین ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی اسلاموفوبیا کو قومی سلامتی کا مسئلہ سمجھتا ہے۔ یورپی یونین کی اولین ذمے داری ہے کہ اسلام کے خلاف منافرت کو روکے، اس معاملے کو اب مزید نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ترک صدر نے کہا کہ یورپی رہنماؤں کو یورپ میں نفرت کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فرانسیسی صدر کی پالیسیوں کو روکنا چاہیے اور انہیں سمجھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

میلاد النبی ﷺ کی تقریب سے خطاب میں طیب اردوان نے فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیانات پر فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی بھی اپیل کی۔

واضح رہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد اسلام مخالف تقاریر اور کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ فرانسیسی صدر میکرون نے نہ صرف گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کی حمایت کی بلکہ اسلام کو بحرانوں کا مذہب اور مسلمانوں کو فرانس میں علیحدگی پسند جذبات کے رجحان کا ذمے دار قرار دیا۔

فرانسیسی صدر میکرون کے بیانات کے بعد فرانس سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصے کی لہردوڑ گئی ہے اور مسلم رہنماؤں میں طیب اردوان نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے۔ اس سے قبل وہ فرانسیسی صدر کو اسلام مخالف بیانات پر دماغی علاج کروانے کا مشورہ بھے دے چکے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |