پشاور میں چوری شدہ گاڑیوں کے جعلی کاغذات بنا کر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

ملزمان کے قبضے سے مختلف علاقوں سے سرقہ شدہ 8 قیمتی گاڑیاں برآمد کرلی گئیں، پولیس

ملزمان کے قبضے سے مختلف علاقوں سے سرقہ شدہ 8 قیمتی گاڑیاں برآمد کرلی گئیں، پولیس ۔ فوٹو : فائل

پشاور میں چوری شدہ گاڑیوں کے انجن اور چیسز نمبر تبدیل کرکے جعلی کاغذات پر گاڑیاں فروخت کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس پی کینٹ حسن جہانگیر کی سربراہی میں اینٹی کار لفٹنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے شہر میں سرگرم موٹر کار چور گروہ کا سراغ لگا کر سرغنہ نوشاد سمیت عبداللہ، اسحاق اور بشیر کو گرفتار کرلیا، ملزمان کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے جو شہر میں کارروائیوں کے بعد واپس اپنے ضلع فرار ہو جاتے تھے، ملزمان جعلی انجن چیسز نمبر بنانے کے بھی ماہر ہیں جو جعلی کاغذات بنوانے کے بعد سادہ لوح افراد کو مسروقہ گاڑیاں بھاری رقوم کے عوض فروخت کرتے تھے۔


کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے مختلف علاقوں سے سرقہ شدہ 8 قیمتی گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں جو مالکان کا پتہ لگا کر ان کے حوالے کی جائیں گی، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کردیا ہے۔

ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران کار چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سمیت ملک کے دیگر شہروں سے بھی گاڑیاں سرقہ کرنے کے بعد انجن چیسز نمبر تبدیل کرنے کے بعد سادہ لوح افراد کو فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس ٹیم نے ملزمان کی نشاندہی پر تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے مسروقہ گاڑیوں کا لین دین کرنے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
Load Next Story