بال بیرنگ کنسائمنٹ کی انڈرانوائسنگ کلیئرنس کی کوشش ناکام

گڈز ڈکلریشن میں بال بیرنگ اور ٹیپرڈ رولر بیرنگ کی کم مالیت کو ظاہر کیا گیا

درآمدی ویلیو 43لاکھ 67ہزار 221روپے ظاہر کی گئی ،درست قیمت 72لاکھ ہے فوٹو: فائل

پاکستان کسٹم نے مبینہ طورپر ملی بھگت سے انڈرانوائسنگ کی ایک اور کوشش کو ناکام بناتے ہوئے کنسائمنٹ کی ویلیو میں 28لاکھ 56ہزار روپے کی کمی کی نشاندہی اور لاکھوں روپے کی ڈیوٹی وٹیکس چوری کی نشاندہی کردی ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ کسٹمزاپریزمنٹ اینڈ فیسیلیٹیشن ویسٹ کلکٹریٹ نے بال بیرنگ کے کنسائمٹ کی انڈر انوائسنگ کلیئرنس کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزمان میں شامل میسرزایکسل انٹرنیشنل کمپنی کے مالک سید بشیراحمدکے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ میسرز ایکسل انٹرنیشنل کمپنی کی جانب سے چین سے بال بیرنگ اور ٹیپرڈ رولر بیرنگ کا کنسائمنٹ درآمد کیا گیا لیکن متعلقہ درآمدکنندہ نے کسٹم ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی چوری کے لیے کنسائمنٹ کی کلیئرنس کے لیے داخل کردہ گڈزڈیکلریشن میں بال بیرنگ اور ٹیپرڈ رولر بیرنگ کی کم مالیت ظاہرکرکے کنسائمنٹ کلیئرکرنے کی کوشش کی۔

درآمدکیے جانے والے کنسائمنٹ کی جب جانچ پڑتال کی گئی تو اس بات کا انکشاف ہواکہ میسرزایکسل انٹرنیشنل کی جانب سے داخل کرئے جانے والے گڈزڈیکلریشن میں کنسائمنٹ کی درآمدی ویلیو 43لاکھ67ہزار 221 روپے ظاہرکی گئی ہے جبکہ کنسائمنٹ کی درست درآمدی قیمت 72لاکھ 24ہزار 184روپے ہے۔
Load Next Story