وفاقی حکومت کا ملک بھر میں ہفتۂ عشقِ رسول ﷺ منانے کا فیصلہ

وزیر اعظم نے ہفتۂ عشق رسول ﷺ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے، ذرائع

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کابینہ اجلاس میں ہفتۂ عشق رسول ﷺ منانے کی تجویز پیش کی تھی(فوٹو، فائل)

ISLAMABAD:
وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتۂ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حضورﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیرکے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے آج کابینہ اجلاس میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کی تجویز پیش کی ہے۔


ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ہفتۂ عشق رسول ﷺ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ہفتۂ عشق رسول ﷺ جمعتہ المبارک سے اگلے جمعہ 12 تا 18 ربیع الاول تک جاری رہے گا۔صوبے بھی وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہفتہ عشق رسول منائیں گے۔

اس سے قبل کابینہ کے اجلاس میں فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیانات اور گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کی کھلی حمایت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کابینہ نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے حضور ﷺ کی شانِ اقدس سے بڑھ کر کچھ نہیں اور اس میں کسی بھی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ اس معاملے پر احتجاج کے لیے ہر ممکن فورم پر آواز بلند کی جائے۔ کابینہ نے اسلاموفوبیا سے متعلق او آئی سی کے پلیٹ فورم سے دنیا میں آگاہی پھیلانے پر بھی زور دیا۔
Load Next Story