کورونا کیسز سامنے آنے پر کراچی کے متعدد اسکول بند

متاثرہ افراد سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی 5 دن کے لئے قرنطینہ کیا جائے، ڈی ای او ملیر


ویب ڈیسک October 28, 2020
اسکول یکم نومبر سے دوبارہ کھولے جائیں گے، نوٹیفکیشن۔ فوٹو : فائل

ضلع ملیر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے پر 6 اسکول بند کر دئیے گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق محکمہ صحت سندھ نے سرکاری اسکولوں کے ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کرائے تھے، جس کے بعد کراچی کے ضلع ملیر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے پر چھ اسکول 5 روز کے لئے بند کر دئیے گئے، جب کہ ملیر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (ڈی ای او) نے اسکول بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا، اور اسکول پرنسپلز کو اسکول بند کرنے کے احکامات دے دئیے۔

ڈی ای او ملیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 6 اسکولوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے کی تصدیق ہوئی ہے، پرنسپلز اسکولوں میں جراثیم کش اسپرے کرائیں اور متاثرہ افراد سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی 5 دن کے لئے قرنطینہ کیاجائے۔

نوٹیفکیشن میں احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متاثرہ کلاسز اور کمروں کو 5 دن کے لئے ڈس انفیکٹ کرکے بند کردیا جائے، اور کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، مذکورہ اسکول یکم نومبر سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں