کورونا کی دوسری لہر حکومت کا اگلے ہفتے پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ

ماسک کا استعمال فاصلہ رکھنا اور ہاتھوں کی صفائی ہی میں بچت ہے، معاون خصوصی صحت


ویب ڈیسک October 29, 2020
اگلے ہفتے ہم مزید پابندیاں ڈیٹا دیکھتے ہوئے لگا سکتے ہیں، فیصل سلطان فوٹو: فائل

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر اگلے ہفتے مزید پابندیاں لگا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران فیصل سلطان نے کہا کہ ماسک کا استعمال فاصلہ رکھنا اور ہاتھوں کی صفائی ہی میں بچت ہے۔ ہم عوام اور ملک کو دیکھ رہے ہیں اور اسی بنا پر ہمیں اگلے ہفتے مجبوری میں سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔ اگلے ہفتے ڈیٹا دیکھتے ہوئے ہم مزید پابندیاں لگا سکتے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے،اگر کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا تو پاکستان کے اندرونی حالات کی وجہ سے ہوگا۔ سیاسی جلسوں اور ریلیوں کے پیش نظر جلد نئی ایس او پیز جاری کریں گے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان نے کورونا سے بچاؤ کی 4 مختلف ویکسین کے ٹیسٹنگ اور ٹرائل کا عمل شروع کردیا ہے، جن میں سے 2 چینی اور 2 مغربی ممالک کی ویکسین کا ٹرائل جاری ہے، کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کا ٹرائل دو ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 900 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کچھ عوامی سرگرمیوں پر پابندیاں سخت کی ہیں۔ جس کے تحت 11 بڑے شہروں میں مارکیٹیں، شاپنگ مالز، شادی ہالز، ریسٹورنٹس رات 10 بجے جبکہ تفریح گاہیں اور پارک شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں