پاکستان انڈر19 ٹیم نے سہہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا

انگلینڈ کی ٹیم 248 رنزکے تعاقب میں صرف 150 رنز بنا سکی،شاندار پرفارمنس پرظفر گوہرکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا


ویب ڈیسک December 22, 2013
انگلینڈ کی ٹیم 248 رنزکے تعاقب میں صرف 150 رنز بنا سکی،شاندار پرفارمنس پرظفر گوہرکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو:فائل

SUKKUR:

پاکستان انڈر19 ٹیم نے انگینڈ کو 97 رنز سے شکست دے کر سہہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔


دبئی میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، نوجوان شاہینوں نے مقررہ 50 اوورز میں 247 رنز بنائے، قومی ٹیم کی جانب سے آغاز مایوس کن رہا اور سمیع اسلم ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد حسنین طلعت اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، 52 کے مجموعی اسکور پر حسنین طلعت 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد امام الحق 51 اور کامران غلام بھی 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔


ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم شروع سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور کوئی کھلاڑی وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکا، پوری ٹیم 40 اوورز میں 150 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، انگلینڈ کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز کلارک 43 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے عرفان اللہ شاہ، ظفر گوہر اور کرامت علی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کامران غلام اور ضیا الحق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، فائنل میچ میں شاندار پرفارمنس پیش کرنے والے ظفر گوہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور انگلینڈ کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم شامل تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں