دھرنوں اور مظاہروں سے حلقہ بندیاں تبدیل نہیں ہوں گی شرجیل میمن

حلقہ بندیوں کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں، ایم کیو ایم عدالت گئی ہے تو پھر دھرنے اور احتجاج کیوں،وزیراطلاعات سندھ


ویب ڈیسک December 22, 2013
ایم کیو ایم کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو بات چیت کے لئے دروازے کھلے ہیں،شرجیل میمن۔ فوٹو: فائل

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں، دھرنوں اور مظاہروں سے حلقہ بندیاں تبدیل نہیں کی جائیں گی.


ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ میں نئی حلقہ بندیوں اور نئے ترمیمی بلدیاتی آرڈیننس کے خلاف احتجاجی ریلی کے بعد کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا سندھ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیاد پر ہونے جارہے ہیں، ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی نئی حلقہ بندیاں کی گئی ہیں، حلقہ بندیوں کو سیاسی رنگ دینا درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کے خلاف ایم کیو ایم عدالت گئی ہے تو پھر دھرنے اور احتجاج کیوں کئے جارہے ہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ کم آبادی پر یونین کمیٹیاں بنائی گئیں، کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں 20 ہزارکی آبادی جب کہ فائیو اسٹار پر 18 ہزار361 کی آبادی پریونین کمیٹی بنائی گئی ہے۔


شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کچھ جگہوں پر حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کو اعتراض تھا جو صحیح تھا تاہم ایم کیو ایم سے پہلے بھی مذاکرات ہوتے رہے ہیں آئندہ بھی ہوں گے، اگر ایم کیو ایم کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو بات چیت کے لئے دروازے کھلے ہیں۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں