
رواں سال پی ایس ایل سے قبل بکیز کی جانب سے رابطے کی اطلاع بورڈ کو نہ کرنے کی پاداش میں عمر اکمل پر 3سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی، بعد ازاں جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے اینٹی کرپشن ٹریبیونل کی طرف سے اعلان کردہ سزا کو 3 کے بجائے ڈیڑھ سال کردیا، پی سی بی نے پابندی کی مدت میں کمی کو اسپورٹس عالمی ثالثی عدالت میں چیلنج کیا۔
دوسری جانب عمر اکمل نے اسے مزید کم کے لیے اسی پلیٹ فارم پر رجوع کررکھا ہے، پی سی بی نے کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ویڈیو لنک پر سماعت کی درخواست کردی تھی جو منظور کرلی گئی، عمر اکمل کے وکلا نے فریقین کو آمنے سامنے بٹھا کر سماعت کرنے کیلیے استدعا کی تھی جو مسترد کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق عالمی ثالثی عدالت نے واضح کیاکہ سماعت ورچوئل ہوگی، عمر اکمل اب ویڈیو لنک پر سماعت کے لیے 2 نومبر تک دستیابی ظاہر کرسکیں گے، اس کیس کی سماعت دسمبر میں ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پی سی بی نے کسی کرکٹر کی سزا میں کمی کو چیلنج کرتے ہوئے معاملے کو طول دیا، عام طور سزا کی مدت پوری ہونے پر کھلاڑیوں کے لیے واپسی کے دروازے کھلتے رہے ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔