کراچی میں ٹریفک پولیس پر حملے کی دھمکیاں

افسران و اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس پہننے کی ہدایات جاری

افسران و اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس پہننے کی ہدایات جاری

ٹریفک پولیس پر حملے کی دھمکیاں ملنے کے بعد تمام افسران و اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس پہننے کی ہدایات جاری کردی گئیں جبکہ پولیس سے بھی کہا گیا ہے کہ ٹریفک اہلکاروں کی حفاظت کے لیے نفری تعینات کی جائے۔

ڈی آئی جی ٹریفک جاوید علی مہر نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ چند روز کے دوران ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں پر حملے کی متعدد دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد انھوں نے فوری طور پر حفاظتی انتظامات سخت کرنے کا حکم جاری کردیا ہے اور اس سلسلے میں نہ صرف کنٹرول پر میسج بلکہ باقاعدہ طور پر لیٹر بھی جاری کردیا گیا ہے۔


جاوید علی مہر نے ٹریفک کے تمام ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سڑکوں پر اپنے فرائض انجام دینے والے تمام افسران و اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنائی جائے ، انھیں سختی سے بلٹ پروف جیکٹ پہننے کا حکم جاری کیا جائے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس کے دفاتر کی سیکیورٹی بھی بڑھائی جائے۔

ڈی آئی جی جاوید مہر نے مزید بتایا کہ سڑکوں پر ڈیوٹی انجام دینے والے چونکہ انتہائی آسان ہدف ہوتے ہیں اور ماضی میں بھی کئی ٹریفک پولیس افسران و اہلکار فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرچکے ہیں لہٰذا حالیہ دھمکیوں کے بعد انھوں نے فوری طور پر پولیس سے بھی مدد طلب کی ہے اور پولیس حکام سے استدعا کی ہے کہ ٹریفک اہلکاروں کی حفاظت کے لیے ان کے ڈیوٹی پوائنٹ سے مناسب فاصلے پر مسلح پولیس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں۔

ڈی آئی جی ںے تمام ایس ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور خصوصی طور پر سیکشن آفیسرز کو حکم دیا ہے کہ وہ حالیہ دھمکیوں کے تناظر میں جاری کردہ حکم نامے پر سختی سے عمل پیرا ہوں تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے ۔
Load Next Story