
سابق اسپیکر ایاز صادق اور پی ڈی ایم کے جلسوں میں سامنے آنے والے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو تین ہفتوں میں اپوزیشن کی طرف سے حکومت کے بجائے پاکستان کے اداروں کے خلاف بیانیہ سامنے آرہا ہے، گجرانوالہ میں سزا یافتہ قیدی میاں نواز شریف نے باہر سے بیٹھ کر پاکستان کے اداروں کے اوپر باقاعدہ حملہ کیا، تین چیف جسٹس پاکستان کے فیصلوں پر میاں نواز شریف نے تنقید کی کہ وہ فیصلے آزاد ہی نہیں تھے اور کہا کہ وہ فیصلے بدنیتی پر مبنی تھے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے فوج پر بھی تنقید کی فوج کو نشانہ بنایا، کراچی میں انتہائی شرم ناک مناظر دیکھے گئے، قائد اعظم کے مزار کا جنگلہ پھلانگ کر سیا سی نعرے لگائے گئے، مسلم لیگ کے لیڈر کراچی مزار قائد پر تماشا دیکھتے رہے، محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اردو ہماری زبان ہی نہیں، قومی زبان کو کہا گیا کہ یہ ہماری زبان ہی نہیں، محمود اچکزئی نے اردو پر وار کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں اویس نورانی نے کہاکہ میں بلوچستان کی آزاد ریاست دیکھنا چاہتا ہوں، اویس نورانی نے جب آزاد بلو چستان کی بات کی تو تمام سیا سی پارٹیوں میں سے کسی نے تردید نہیں کی، میاں نواز شریف نے اس کے بعد دوبارہ ریا ستی اداروں پر تنقید کی، میاں نواز شریف نے فوج میں جونیئر اور افسران میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی۔
چند ہفتوں سے ریاست مخالف بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے. عدلیہ اور فوج کے کردار پر حملے، قائد اعظم کے مزار کی بے حرمتی، اردو زبان کے خلاف بیان، آزاد بلوچستان کی بات، بالاکوٹ حملے کے منہ توڑ جواب کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوششش. ان باتوں پر میرا تبصرہ اس ویڈیو میںhttps://t.co/0Ofgdh4mWC
— Asad Umar (@Asad_Umar) October 31, 2020
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اپنا دفاع کرنے کا حوصلہ ہے، پاکستان امن پر یقین رکھتاہے اور اسی لیے ہم نے خود بغیر کسی مطالبے کے ابھی نندن کو چھوڑا، بقول ایاز صادق کہ وہ تو دھمکی آئی تھی، اگر دھکمی تھی تو 50 سے زائد لوگ اس کمرے میں موجو د تھے کسی ایک نے یہ بات نہیں کی؟ اور ایک سال بعد انہوں نے ایسی بات کہی۔
اسد عمر نے کہا کہ اپوزیشن کا بیانیہ حکومت نہیں ریاست کے خلاف ہے، مریم صفدر کے نام پر مادر ملت کے نعرے لگائے گئے یہ کیا ہو رہا ہے؟ نہ یہ قوم برداشت کرے گی نہ ہم پاکستان میں شر پھیلانے کی کوشش کو کامیاب ہونے دیں گے، دشمن پہلے بھی ناکام ہوئے اب بھی ناکام ہوں گے، پاکستان کے ادارے اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ نریندر مودی جانتے ہیں کہ کیسے انہیں دنیا کے سامنے منہ کی کھانا پڑی تھی، پاکستان کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملیں گے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔