کورنگی میں 5 ہزار روڈ اورٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے 5 ہزار روڈ، چمڑا فیکٹریوں کے مالکان اور ملازمین کے مسائل اور ٹینرز کے ٹریٹمنٹ پلانٹ کا جائزہ لیا


Staff Reporter November 02, 2020
5 ہزار روڈ پر نالہ، سیوریج لائن، گرین بیلٹ اور شجرکاری ساتھ ہو گی، صنعتوں کا پانی ٹریٹ کر کے شجر کاری کی جائے گی، افتخار علی فوٹو: فائل

کورنگی صنعتی ایریا کے 5 ہزار روڈ اور نالے کی تعمیر کراچی پیکیج سے کی جائے گی اور پی ٹی اے کے تعاون سے چمڑے کی مصنوعات کی فیکٹریوں سے نکلنے والے کیمیکل ملے پانی کو صاف کرنے کے لیے جدید ترین ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ اس پانی کو شجرکاری اور دیگر کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

ہر کام حکومت تنہا نہیں کرسکتی اداروں کا تعاون ضروری ہے، یہ بات ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شلوانی نے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے ظہرانے سے خطاب میں کہی، پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسلام، سابق چیئرمین گلزار فیروز، کاٹی کے سابق صدر دانش خان، وائس چیئرمین ٹینرز ایسوسی ایشن طارق محمود، انفراسٹرکچر کمیٹی کے چیئرمین عزیز احمد سمیت تاجروں اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے ظہرانے میں شرکت کی۔

قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پانچ ہزاروڈ کا دورہ کیا اور وہاں پر چمڑے کی صنعت سے وابستہ فیکٹریوں کے مالکان اور ملازمین کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا انھوں نے ٹینرز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا جہاں پر چمڑے کی مصنوعات تیار کرنے والی فیکٹریوں سے استعمال شدہ پانی ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے صاف کیا جاتا ہے۔

پی ٹی اے کے مرکزی دفتر میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ پاکستان کی چمڑے کی مصنوعات کی پوری دنیا میں مانگ ہے اور یورپی ممالک، ساؤتھ افریقہ اور گلف میں بھی پاکستان کی چمڑے کی مصنوعات کو بے انتہا پسند کیا جاتا ہے ،پاکستانی مصنوعات کے معیار کو مزید بہتر بنا کر ہم اربوں روپے کی چمڑے سے بنی مصنوعات برآمد کرسکتے ہیں اور اس سے بڑے پیمانے پر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 5 ہزارروڈ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ نالے کی تعمیر،سیوریج لائن، گرین بیلٹ، سڑکوں کے سائن بورڈ اور شجر کاری ایک ساتھ کی جائے گی تاکہ اس علاقے کی صورتحال نمایاں بہتر ی آئے ، چیئرمین پی ٹی اے عبدالسلام نے ایڈمنسٹریٹر کو بتایا کہ اس علاقے میں 175 سے زائد صنعتیں موجود ہیں۔

بلال کالونی، مہران ٹاؤن اور شریف آباد کے رہائشی 5 ہزار روڈ پر گھروں کا کچرا ڈالتے ہیں جبکہ لینڈ مافیا نے اس روڈ پر تجاوزات قائم کردی ہیں جنھیں ختم کیا جانا ضروری ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا اور5 ہزار روڈ کے نالے سے بھی تجاوازت کا خاتمہ کیا جائے گا ،اس موقع پر گلزار فیروز، عزیز احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں