تیسرا ون ڈے زمبابوے نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دیدی

پاکستان نے زمبابوے کو سپراوور میں صرف 3 رنز کا ہدف دیا تھا


ویب ڈیسک November 03, 2020
پاکستان بابراعظم کی سنچری کے باوجود مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکا - فوٹو: آئی سی سی

زمبابوے نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی جب کہ پاکستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں مقابلہ ہوا جس میں پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور خوشدل شاہ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن افتخار پہلی اور خوشدل شاہ چوتھی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد پاکستان نے صرف 3 رنز کا ہدف دیا جو زمبابوے نے آسانی سے پورا کرلیا۔



زمبابوے کے بلیسنگ موزارابانی کو پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ جب کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔



تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 279 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام دکھائی دیا، دونوں اوپنرز صرف 6 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، امام الحق 4 اور فخرزمان 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

تیسرے نمبر پر کپتان بابراعظم خود بیٹنگ کے لیے آئے اور وکٹ کی ایک سائیڈ کو سنبھالے رکھا تاہم دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، حیدر علی نے جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن ان کی اننگز بھی صرف 13 رنز تک محدود رہی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ایک بار پھر مایوس کیا اور صرف 10 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔



بابراعظم اس دوران ذمہ دارنہ کھیل پیش کرتے رہے اور افتخار احمد کے ساتھ 37 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم افتخار 18 رنز ہی بناسکے جس کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے خوشدل شاہ نے بابراعظم کے ساتھ ملکر 63 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم وہ 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔



بابراعظم نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بطور کپتان پہلی اور ون ڈے میں مجموعی طور پر 12ویں سنچری مکمل کی، اس دوران آخر میں وہاب ریاض نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نصف سنچری بنائی تاہم وہ 52 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

بابراعظم 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد 49ویں اوور میں پویلین لوٹ گئے جس کے بعد قومی ٹیم کو جیت کے لیے آخری اوور میں 6 گیندوں پر 13 رنز درکار تھے اور صرف ایک وکٹ باقی تھی تاہم موسیٰ خان نے آخری اوور میں 2 چوکے لگاکر میچ برابر کردیا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوگا۔



اس سے قبل زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز برین چاری اور چامو چبھابھا نے کیا، دونوں اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 22 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

22 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد شان ولیمز اور برینڈن ٹیلر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، برینڈن ٹیلر نے 56 رنز کی اننگز کھیلی تاہم محمد حسنین کی گیند پر وہ آؤٹ ہوگئے جب کہ شان ٹیلر نے سنچری مکمل کی اور 118 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔



ویسلے میدھویرے اور سکندر رضا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت زمبابوے کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 278 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔



واضح رہے کہ زمبابوے سے 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم پہلے ہی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرچکی ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 26 رنز جب کہ دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں