اکتوبر2020 میں سیمنٹ کی فروخت نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

اکتوبر 2019 کی فروخت 4.195 ملین ٹن رہی تھی


Business Reporter November 04, 2020
اکتوبر2020 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 15.83 فیصد اضافہ سے 4.859 ملین ٹن رہی

ISLAMABAD: رواں مالی سال سیمنٹ سیکٹر کی نمو کا سلسلہ اکتوبر میں بھی جاری رہا اکتوبر 2020کے مہینے میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 5.735 ملین ٹن رہی جو کسی بھی مہینے میں سیمنٹ کی فروخت کی ریکارڈ مقدار قرار پائی ہے۔

سیمنٹ مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے اعدادوشمارکے مطابق اکتوبر2020 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 15.83 فیصد اضافہ سے 4.859 ملین ٹن رہی جبکہ اکتوبر 2020کے مہینے میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں بھی 11.58فیصد اضافہ سے 8لاکھ 75ہزار 266 ٹن رہی جو گزشتہ سال اکتوبر میں 7لاکھ 84ہزار 433ٹن رہی تھی۔

شمالی ریجن میں سیمنٹ کی طلب میں 15.53فیصد اضافہ ہوا اور ملک کے شمالی علاقوں میں اکتوبر 2020کے دوران 4.165ملین ٹن سیمنٹ فروخت کی گئی جبکہ گزشتہ سال اکتوبر کے دوران شمالی ریجن میں سیمنٹ کی فروخت 3.605 ملین ٹن رہی تھی۔ شمالی علاقوں کی سیمنٹ کمپنیوں کی سیمنٹ ایکسپورٹ میں اکتوبر2020 کے دوران 8.54 فیصد اضافہ ہوا اور اکتوبر 2020کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ کمپنیوں سے 0.283ملین ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی گئی گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں شمالی علاقوں کی سیمنٹ کمپنیوں نے 0.261 ملین ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی تھی۔

ملک کے جنوبی علاقوں (سندھ بلوچستان) میں بھی سیمنٹ کی فروخت میں اضافہ کا رجحان رہا اور جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فروخت 17.70فیصد اضافہ سے 6لاکھ95ہزار 221ٹن رہی اکتوبر 2019کے دوران سدرن ریجن میں سیمنٹ کی فروخت 5لاکھ90ہزار690ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔ جنوبی علاقوں کی سیمنٹ کمپنیوں کی ایکسپورٹ میں 13.09فیصد اضافہ ہوا اور اکتوبر 2020کے دوران جنوبی علاقوں کی سیمنٹ کمپنیوں نے 5لاکھ 91ہزار 877ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں سدرن ریجن کی سیمنٹ کمپنیوں کی ایکسپورٹ5 لاکھ 23ہزار 353 ٹن رہی تھی۔

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ جولائی تا اکتوبر کے دوران سیمنٹ کی مجموعی کھپت 19.321ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کی مجموعی فروخت 16.116ملین ٹن کے مقابلے میں 19.89فیصد زائد رہی۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سیمنٹ کی مقامی فروخت 17.94 فیصد کے نمایاں اضافہ سے 15.704ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 13.315ملین ٹن رہی تھی۔ رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر کے دوران سیمنٹ کی مجموعی ایکسپورٹ میں بھی حوصلہ افزاء نمو دیکھنے میں آئی اور اس عرصہ میں مجموعی طورپر 3.617ملین ٹن سیمنٹ ایکسپورٹ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی 2.8ملین ٹن ایکسپورٹ سے 29.15فیصد زائد ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سندھ بلوچستان ریجن میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 12.08فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی جولائی تا اکتوبر 2020کے دوران سندھ بلوچستان میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 2.085ملین ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ میں 1.860ملین ٹن رہی تھی۔ سدرن ریجن سے جولائی اکتوبر 2020کے دوران سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 46.56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جولائی تا اکتوبر2020 کے دوران سدرن ریجن سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ 2.712 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی تا اکتوبر کے دوران سدرن ریجن سے سیمنٹ کی ایکسپورٹ 1.85ملین ٹن رہی تھی۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹیکسوں، ڈیوٹیز اور ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں کمی لائے جانے کی صورت میں سیمنٹ کی فروخت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق حکومت محصولات میں کمی کرکے بھی ریونیو میں اضافہ کرسکتی ہے کیونکہ محصولات میں کمی سے سیمنٹ کی فروخت کا حجم بڑھے گا جس سے حکومت کو زیادہ ریونیوحاصل ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں