ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے انکار کردیا تو کیا ہوگا

امریکی صدر خبردار کرچکے ہیں کہ انتخابی شکست کی صورت انتقال اقتدار آسانی سے نہیں ہوگا، آئین بھی اس حوالے سے خاموش


ویب ڈیسک November 08, 2020
آئینی و انتظامی ماہرین کے پاس اس سوال کا کوئی متفقہ جواب نہیں کہ ٹرمپ نے اگر وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے انکار کردیا تو کیا ہوگا؟ (فوٹو، انٹرنیٹ)

ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو انتخابات میں مطلوبہ اکثریت حاصل ہونے کے بعد امریکا کی صدارت سے متعلق بے یقینی کا تو خاتمہ ہوگیا ہے تاہم اب بھی ایک سوال خدشے کی صورت میں امریکی سیاست اور آئین کے ماہرین کے دل میں کھٹک رہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے انکار کردیا تو کیا ہوگا؟

تین نومبر کو صدارتی انتخابات کے دن ہی موجودہ صدر ٹرمپ اپنی فتح کا اعلان کرچکے تھے اور اس کے بعد ان کی جانب سے مسلسل انتخابات میں دھاندلی کے الزمات سامنے آتے رہے جن کا وہ کوئی ثبوت بھی فراہم نہیں کرسکے۔ یہاں تک کے جو بائیڈن کی واضح برتری کے بعد بھی ٹرمپ نے بھاری اکثریت سے جیتنے کا دعویٰ کیا اور ٹوئٹر نے 38 ویں بار ان کی پوسٹ کو ''غیر مصدقہ معلومات پر مبنی'' کے انتباہ سے داغ دیا۔

ٹرمپ اس سے قبل بھی انتخابی نتائج اپنے حق میں نہ ہونے کی صورت میں نتائج سے خبردار کرتے آئے ہیں اور ایک موقعے پر تو باقاعدہ دھمکی بھی دے چکے ہیں کہ اگر انہیں شکست ہوئی تو اقتدار کی منتقلی آسانی سے نہیں ہوگی۔

صدر ٹرمپ کے اسی رویے کو دیکھتے ہوئے انتخابات سے قبل ہی سیاسی مبصرین میں یہ سوال زیر بحث آچکا تھا کہ اگر ٹرمپ نے سبک دوشی یا انتقال اقتدار سے انکار کردیا تو کیا ہوگا؟

اس سوال نے اس لیے بھی اہمیت حاصل کرلی کہ ایک جانب ٹرمپ کا مزاج ہے اور دوسری طرف امریکی آئین اس حوالے سے کوئی راہ نمائی فراہم کرتا ہے اور نہ ہی ماضی میں اس کی کوئی نظیر ملتی ہے۔

اس حوالے سے مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ نے اپنا منصب چھوڑنے سے انکار کردیا تو اس کا آئینی حل تلاش کرنے سے بھی بڑھ کر تشویش ناک بات یہ ہے کہ دو صدیوں کی روایات رکھنے والے اس منصب کی جگ ہنسائی ہوگی۔

اس کے علاوہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ آئین میں ایسی صور ت حال کا باضابطہ کوئی حل تو موجود نہیں تاہم اس کے لیے قانون کی کچھ تاویلیں کام آسکتی ہیں جس کے مطابق جیسے ہی جو بائیڈن صدارت کا حلف اٹھائیں گے وہ سربراہ مملکت بن جائیں گے اور سبھی کو ان کے احکامات ماننے ہوں گے اور اس کے بعد کسی کا صرف وائٹ ہاؤس میں رکے رہنا اسے کوئی اختیار نہیں دے گا؟

وائٹ ہاؤس کے دو سابق حکام نے امریکی جریدے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر بدترین نوبت آگئی تو وائٹ ہاؤس میں ڈیرہ جمائے کسی غیر منتخب شخص کی حیثیت گھس پیٹیے جیسی ہوگی جسے نکال باہر کرنے کے لیے خفیہ اداروں کی ایک چھوٹی سی کارروائی ہی کافی ہوگی۔

دوسری جانب ماہرین سیاسیات کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کو انتقال اقتدار پر آمادہ کرنے میں سب سے اہم کردار ایوان نمائندگان میں ان کے جماعت کے نمائندے ادا کرسکتے ہیں اور صدر کر وائٹ ہاؤس سے نکلنے پر مجبور کرسکتے ہیں۔

ٹرمپ کی جانب سے یہ اقدام کرنے کا کتنا امکان ہے یا نہیں اس حوالےسے ابھی تک خدشات ہی پائے جاتے ہیں تاہم وہ ایسا کر گزرے تو کیا ہوگا؟ یہ ایسا سوال ہے جس کا کوئی متفقہ جواب نہیں۔ ایسا اس لیے بھی نہیں ہوپارہا ہے کہ اس سے پہلے ایسی صورت حال بھی کبھی پیش نہیں آئی ہے۔ اور ٹرمپ کی شخصیت کو دیکھتے ہوئے امریکی اہل سیاست کو دھڑکا یہی لگا ہے کہ کہیں وہ بہت سی دیگر باتوں کی طرح اس معاملے بھی پہل کرنے کی نہ ٹھان لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں