نیب کا این آئی سی ایل کیس میں یوسف رضا گیلانی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ

نیب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے چیرمین نیب اورسابق سیکریٹری داخلہ قمرزمان چوہدری کو کیس سے بری الذمہ قراردے دیا


ویب ڈیسک December 23, 2013
سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل کیس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔ فوٹو: فائل

نیب نے این آئی سی ایل کیس کی تحیقیات کی روشنی میں اپنے ادارے کے موجودہ چیرمین اور سابق سیکریٹری داخلہ چوہدری قمر زمان کو بری قرار دینے جبکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیاگیا کہ این آئی سی ایل کے سابق چیرمین ایاز نیازی کی تقرری میں اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات ہوں گی جبکہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر شخصیات کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے ، اس کے علاوہ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نےموجودہ چیرمین نیب اورسابق سیکریٹری داخلہ قمرزمان چوہدری کوتحقیقاتی افسرظفرقریشی کے کام میں رکاوٹ ڈالنے اورتبادلے کے معاملے سے بری الذمہ قراردے دیاہے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے سابق چیئرمین معین آفتاب شیخ، سابق ڈائریکٹر ثمین اصغر ، سابق ایم ڈی رسول بخش پھلپوٹو پر قومی خزانے کو ایک ارب 23کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کی تحقیقات مکمل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ نندی پور اور چیچوں کی ملیہ میں قائم بجلی کے منصوبوں میں تاخیر کے ذمہ داروں کابھی پتہ چلایاجائےگا۔ منصوبوں کی تعمیر میں تاخیر سے قومی خزانے کو113 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ اس لئے وزارت قانون ، خزانہ اور پانی وبجلی کے افسروں کےعلاوہ ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک حکام کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں