ہم ایک بھکاری ملک وقوم کے طور پر دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں عمران خان

حکومت طالبان سے مذاکرات میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی جب کہ دہشت گردی کا حل فوجی آپریشن نہیں بلکہ مذاکرات ہیں، عمران خان


ویب ڈیسک December 23, 2013
پاکستان میں میرٹ کا سسٹم لایا جائے اور وہ سسٹم ایسا ہو جس میں صرف قابلیت دیکھی جائے کسی کا رنگ نہیں، عمران خان فوٹو: ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج ہم ایک بھکاری ملک وقوم کے طور پر دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں لیکن اگر قوم ایک ہوجائے تو پھر کسی غیر ملکی امداد کی ضرورت نہیں رہے گی۔

لاہور میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ سیاست میں لوگوں کا خون چوسنے سے روکنے کے لئے آئے کیونکہ آج ملک کا چھوٹا سا طبقہ اپنے اقتدار کی خاطر غریب آدمی کا خون چوس رہا ہے اور اسے کوئی روکنے والا نہیں اور جب میں اس کے خلاف آواز اٹھائی تو مجھے کبھی یہودی لابی کہا گیا کبھی کچھ، لیکن میں جو پہلے تھا وہی آج بھی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں میرٹ کو روندا جارہا ہے، ہر ساستدان کہتا ہے کہ وہ غریب کا دوست ہے لیکن غریب مزید غریب ہورہا ہے اور سچ یہ ہے کہ غریب اور اقلیتی برادری کے لوگ نوکریوں کی خاطر ملک چھوڑ کر جارہے ہیں لہٰذا ان کا خواب ہے کہ پاکستان بھر میں میرٹ کا سسٹم لایا جائے اور وہ سسٹم ایسا ہو جس میں صرف قابلیت دیکھی جائے کسی کا رنگ نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ہم ایک بھکاری ملک وقوم کے طور پر دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں لیکن اگر قوم ایک ہوجائے تو پھر کسی غیر ملکی مدد کی ضرورت نہیں رہے گی اور نہ ڈالروں کے لئے دوسرے کے آگے ہاتھ پھیلانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک اور بالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہواہے لیکن حکومت طالبان سے مذاکرات کے لئے سنجیدہ نظر نہیں آرہی حالانکہ ہم سوچ سمجھ کر اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ دہشت گردی کا حل فوجی آپریشن نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت عوام کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں