ٹرمپ کے بعد اب عمران خان کے جانے کا انتظار ہے امیر جماعت اسلامی

پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے بعد پی ٹی آئی نے ملک کا بیڑا غرق کردیا، سراج الحق

پی ٹی آئی نے عوام کو کہیں کا نہیں چھوڑا، امیر جماعت اسلامی فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے چلے جانے کے بعد اب عمران خان کے جانے کا انتظار ہے۔

بونیر میں اجتماع سے خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا کہ عمران خان اور ان کی حکومت گزشتہ ادوار کا تسلسل ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے بعد پی ٹی آئی نے ملک کا بیڑا غرق کردیا، پی ٹی ائی حکومت میں مساجد، مدارس اور ماں بہنیں محفوظ نہیں ، پی ٹی آئی نے عوام کو کہیں کا نہیں چھوڑا، اسی پارٹی نے عوام کو بے روزگار کردیا۔ پی ٹی آئی کے وزرا ایک دوسروں کو نالائق کہنا شروع ہوگئے ہیں۔


امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جھوٹ کا مقابلہ ہوجائے تو عمران خان وہ بھی جیت جائیں گے۔ عمران خان کے پاس تقریر کےلیے کوئی موضوع نہیں ہے، وہ تقریر سے پہلے اپنے وزرا سے پوچھتے ہیں کہ آج کیا کہنا ہے، انہیں ٹرمپ کے چلے جانے کے بعد اب عمران خان کے جانے کا انتظار ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی لڑائی اپنے مفادات کے لئے ہے، موقع ملا تو ان سیاسی جماعتوں کے تمام کرپٹ لوگوں کو جیل میں ڈالوں گا، جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو علاج اور تعلیم مفت ہوگی، جماعت اسلامی کی حکومت میں قرض دار کی موت کے بعد قرض حکومت ادا کرے گی، بیواؤں اور یتیموں کو وظیفہ دیں گے۔
Load Next Story