ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں کورونا وائرس ٹیسٹ سروس کا دوبارہ آغاز

اگر صوبائی حکومت سے بنیادی فنڈنگ جاری ہوئی تو ان ٹیسٹوں کی تعداد دو ہزار یومیہ ہوگی، ڈاکٹر اقبال چوہدری


ویب ڈیسک November 09, 2020
آئی سی سی بی ایس کی ذیلی تجربہ گاہوں میں حکومتِ سندھ کی فنڈنگ سے ایک لاکھ دس ہزار کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ (فوٹو: ایکسپریس نیوز)

BEIJING: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کو آرڈی نیٹر جنرل کومسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے سالماتی طب و ادویاتی تحقیق، جامعہ کراچی نے کچھ عرصہ توقف کے بعداپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے محدود پیمانے پر کورونا وائرس ٹیسٹ سروس کا دوبارہ آغاز کردیا ہے۔

یہ ٹیسٹ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی جدید بایو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری میں کیے جائیں گے۔ اگر صوبائی حکومت کی جانب سے فری ٹیسٹوں کےلیے بنیادی فنڈنگ جاری کی گئی تو ان ٹیسٹوں کی تعداد روزانہ دو ہزار تک پہنچائی جاسکتی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری ہفتے کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی، جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کے خلاف بین الاقوامی مرکز کی جانب سے محدود پیمانے پر کورونا وائرس ٹیسٹ سروس کا دوبارہ آغاز قومی مفاد میں ایک مستحسن عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل سندھ حکومت نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی جدید بایو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری کی تکمیل کےلیے خطیر رقم مختص کی تھی ''ڈاکٹر پنجوانی سینٹر پہلے بھی اس وبائی صورتِ حال میں ایک لاکھ دس ہزار سے زیادہ پی سی آر پر مبنی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرکے اپنی اعلیٰ تحقیقی استعداد ثابت کرچکا ہے،'' یہ کہتے ہوئے انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچو کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی ایک جدید تحقیقی ادارہ ہے جو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر، جامعہ کراچی کے زیر انتظام کام کرتا ہے۔ اس کی تمام تجربہ گاہیں عالمی ادارہ صحت کے متعین کردہ معیارات کے عین مطابق ہیں جہاں وائرولوجی سے متعلق تقریباً تمام ٹیسٹ انجام دینے کی صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہرین اور جدید پی سی آر مشینیں و دیگر جدید ساز و سامان اس ادارے کی نمایاں ترین خصوصیات میں شامل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں