ترک صدر طیب اردوان کے داماد وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی

قومی کرنسی لیرا کی قدر میں مسلسل کمی پر ترک صدر نے مرکزی بینک کے صدر کو برطرف کردیا تھا

مستعفی وزیر خزانہ ترک صدر کی بڑی بیٹی اسریٰ کے شوہر ہیں، فوٹو : فائل

ترک صدر رجب طیب اردوان کے داماد بیرات البیرک نے وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قومی کرنسی لیرا کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ سے صدر اردوان نے مرکزی بینک کے صدر مراد یسال کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ سابق وزیر خزانہ نیکی اگبل کی تقرری کی تھی۔


42 سالہ بیرات البیرک صدر طیب اردوان کی بڑی بیٹی اسریٰ کے شوہر ہیں اور وہ گزشتہ دو برس سے وزیر خزانہ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے جب کہ اس قبل وہ 2015 سے 2018 تک وزیر توانائی بھی رہے ہیں۔

بیرات البیرک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے استعفے کا عکس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ صحت کی خرابی کے باعث وہ یہ بھاری ذمہ داری اُٹھانے سے قاصر ہیں اور وہ اپنا وقت اہل خانہ کے ہمراہ گزارنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وبا کے بعد کچھ ماہ سے ترک لیرا کی قدر و قیمت میں انتہائی کمی آئی ہے، افراط زر اور زرمبادلہ کے ذخائر گراوٹ کا شکار ہیں اور معاشی بحران نے سر اُٹھالیا ہے۔ اس صورت حال میں ترک عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔
Load Next Story