امریکی صدارتی الیکشن کے فاتح جوبائیڈن نے کورونا کیخلاف کمر کس لی

ملک بھر میں مفت کورونا ٹیسٹ اور ویکسین کی مساوی تقسیم کے علاوہ ماہرین پر مشتمل 13 رکنی ٹیم تشکیل دیدی گئی


ویب ڈیسک November 10, 2020
جو بائیڈن امریکی صدر ٹرمپ کی کورونا پالیسی کی شدید ناقد رہے ہیں، فوٹو : فائل

امریکی صدارتی الیکشن میں کامیاب ہونے والے جوبائیڈن نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے ماہرین پر مشتمل 13 رکنی ٹیم تشکیل دیدی ہے اور ایس او پیز کے حوالے سے بھی اہم اعلانات کیے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق حالیہ امریکی صدارتی الیکشن میں کانٹے دار مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرنے والے جوبائیڈن کی کامیابی کا اعلان 14 دسمبر کو ہونا ہے جب کہ وہ اپنی ذمہ داریاں 20 جنوری سے نبھانا شروع کریں گے تاہم انہوں نے اپنی ترجیحات کا اعلان کردیا ہے اور نائب صدر کاملا ہیرس کے ہمراہ ایک ویب سائٹ بھی متعارف کرائی ہے۔

صدر ٹرمپ کے کورونا وبا سے متعلق اقدامات کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے والے جوبائیڈن نے کورونا وبا کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے 7 نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے جس میں تمام امریکیوں کو کورونا ٹیسٹ کی مفت سہولت اور ویکسین کی دستیابی کی صورت میں اس کی تقسیم کو مساوی بنانا شامل ہے۔

جوبائیڈن نے اقتدار کی منتقلی سے قبل 'ٹرانزٹ پیریڈ' کے دوران ڈاکٹر ووک مرتھی، سابق فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کمشنر ڈاکٹر ڈیوڈ کیسلر اور ییل یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اور ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر مارسیلا نونیز اسمتھ پر مشتمل 13 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جو انہیں عالمی وبا کی صورتِ حال سے آگاہ کرتے رہیں گے۔

جوبائیڈن کے ان اقدامات پر صدر ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اگر ملک کی باگ دوڑ ڈیموکریٹ کے ہاتھوں میں آگئی تو عوام کو مزید 4 سال کے لیے کورونا کی ویکسین دستیاب نہیں ہوگی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر میں نے بیوروکریسی کو لگام نہ ڈالی ہوتی اور فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی پر دباؤ نہ ڈالا ہوتا تو یہ لاکھوں جانوں کو ضائع کردیتے لیکن ویکسین کی منظوری نہ دیتے۔

صدر ٹرمپ نے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی پر الیکشن سے قبل ویکسین کی دستیابی میں تاخیری حربے استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا تاکہ صدر ٹرمپ کو الیکشن میں سیاسی فوائد حاصل نہ ہوسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں