منی لانڈرنگ ریفرنس شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

سیاسی مخالفین میرے خلاف سازش کررہے ہیں، شہباز شریف

عدالت کے باہر پولیس اور (ن) لیگی کارکنوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں عدالت پہنچایا۔


اس موقع پر (ن) لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کارکنوں نے شہباز شریف کو لانے والی گاڑی پر چڑھنے کی کوشش کی، جس پر پولیس اور کارکنوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

سماعت کے دوران احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جب کہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو شہادتوں کے لیے طلب کرلیا۔

فرد جرم عائد کیے جانے کے موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، میرے سیاسی مخالفین میرے خلاف سازش کررہے ہیں، میرے خلاف جھوٹے الزامات عائد کیے گئے ہیں، نیب کے تمام الزامات مسترد کرتا ہوں۔
Load Next Story